عام انتخابات سے متعلق بے یقینی کی صورتحال ‘سینٹ قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور کا اہم اجلاس پرسوں طلب
اسلام آباد (آن لائن) آئندہ عام انتخابات سے متعلق بے یقینی کی صورتحال میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اہم اجلاس 21 مئی کو طلب کرلیا گیا۔ کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر سسی پلیجو نے الیکشن کمشن حکام کو 21 مئی کو طلب کرلیا ہے اور الیکشن کمشن سے صاف شفاف انتخابات کے انعقاد سے متعلق بریفنگ طلب کرلی ہے۔ سینیٹر سسی پلیجیو نے کہا کہ آئندہ انتخابات سے متعلق کئی سوالات اٹھ رہے ہیں کیا الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد میں مشکلات پیش ہیں۔ الیکشن کمیشن ان مشکلات سے متعلق پارلیمان کو آگاہ کرے۔ الیکشن کمشن کو تمام جماعتوں کی جانب سے اعتراض دور کرنے چاہئیں۔ اور آئندہ انتخابات بروقت ہونے چاہیں۔