نیب ہو یا کوئی اور ادارہ انصاف اور احتساب بلا امتیاز ہونا چاہیے‘شہباز شریف
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی سب کو تسلیم کرنی چاہیے کیونکہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی مہذب معاشروں کی پہچان ہوتی ہے۔ نیب ہو یا کوئی اور ادارہ انصاف اور احتساب بلا امتیاز ہونا چاہیے۔ اگر ایسا نہیں تو پھر اسے انصاف اور ا حتساب نہیں کہا جا سکتا۔ ہم نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے میں 70ارب روپے کی بچت کی ہے۔ کرپشن کا کھوج لگانا نیب کا اختیار ہے تاہم اسے قوم کے بچائے گئے اربوں روپے کے بارے میں بھی بتانا چاہیے۔ نیب بے شک ہمیں سرٹیفکیٹ نہ دے لیکن پنجاب کے عوام کو سلام کرے جس نے ایسی حکومت منتخب کی جس نے 70سالہ جمود کو توڑا اور جی ٹو جی معاہدے میں ٹینڈرنگ کرائی۔ شہباز شریف نے میو ہسپتال میں پاکستان کے سب سے بڑے 6 منزلہ سرجیکل ٹاور کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہاکہ سٹیٹ آف دی آرٹ سرجیکل ٹاورکا افتتاح کیا گیا ہے اور یہ اگرچہ الگ ہسپتال ہے تاہم میو ہسپتال سے جڑا ہوا ہے۔ اس برن یونٹ میں دنیا کی ایک جدید ترین مشین نصب کی گئی ہے جو بتاتی ہے کہ مریض کتنے فیصد تک متاثر ہوا ہے۔ سرجیکل ٹاور کا پورا نظام انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے منظم اور مربوط بنایا گیا ہے، یہاں سٹیٹ آف دی آرٹ انجیو گرافی مشین موجود ہے۔ میں ڈاکٹر ابرار اشرف اور ان کی ٹیم کے لئے 10لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتا ہوں اور انکے لئے میڈل کی سفارش کرتا ہوں۔ شہبازشریف نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے یہ شاندار ہسپتال بنایا ہے۔ عمران نیازی نے خیبر پی کے میں صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے حوالے سے بڑے بڑے دعوے تو کئے لیکن عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کے پی کے کا بیڑہ غرق کیا وہاں کوئی نیا ہسپتال بنانا تو دور کی بات وہاں دہائیوں سے موجود 2 ہسپتالوں کو بھی اپ گریڈ نہ کیا۔ عمران نیازی مجھ پر ملتان میٹرو بس کے منصوبے میں چینی کمپنی یابیٹ کے حوالے سے الزام لگاتے ہیں میری چیئرمین نیب سے ا ستدعا ہے کہ وہ اس الزام کی حقیقت کو بھی قوم کو بتائیں اگر میں مجرم ہوں تو مجھے الیکشن سے باہر کر دیں ، اگر میں مجرم نہیں تو پھر الزام لگانے والوں کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔ ارکان اسمبلی سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ کون خدمت کرتا ہے، کون جھوٹ کی سیاست، عوام الیکشن میں فیصلہ کریں گے۔ عوام کو دھوکہ دینے والے الیکشن میں منہ کی کھائیں گے۔ زندگی عوام کیلئے وقف کردی، جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ ہماری سیاست کا محور صرف اور صرف عوام کی فلاح و بہبود اور ملک و قوم کی ترقی ہے۔ پنجاب کے عوام کی دن رات خدمت کی، خدمت کے مشن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تاریخی ترقیاتی منصوبوں سے دور رس نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سرجیکل ٹاور کے افتتاح کو یادگار قرار دیا۔ آئی سی یو میں مریضوں کے لئے مخصوص وینٹی لیٹر نصب کئے گئے ہیں۔ سرجیکل ٹاور میں 385 بیڈز کی گنجائش ہے اوریہ پبلک سیکٹر میں سب سے بڑا سرجیکل یونٹ ہے۔
شہباز شریف