چھ سال کےبعد پاکستان کے سونے میدانوں کی رونقیں بحال، زمبابوے کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی
چھ سال کے طویل عرصے کے پاکستان کے سونے میدانوں کی رونقیں بحال ہونے کو ہیں۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دستہ لاہور پہنچ گیا۔ قوم کے مہمانوں کی علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ آمد پر صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ، مجتبع شجاع الرحمان، ڈی سی او لاہور اور دیگر سرکاری افسران سمیت اعلیٰ پولیس حکام اور پی سی بی آفیشلز بھی موجود تھے۔ لاہورائیرپورٹ پر زمبابوین کرکٹ ٹیم کا والہانہ استقبال کیا گیا اور انھیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔زمبابوے کرکٹ ٹیم کی لاہور آمد کے موقع پر انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ تقریبا چھہ ہزار سیکیورٹی اہلکاروں نے قومی مہمانوں کی سیکیورٹی کے لیے خدمات سر انجام دیں۔ فول پروف سیکیورٹی حصار میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو ائیر پورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں کو تقریباڈیڑھ گھنٹہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا اور رینجرز اور پولیس کے چاک و چوبند دستے مال روڈ پر گشت کرتے رہے۔صوبائی وزیر شجاع خانزادہ نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی لاہور آمد کو خوش آئند قرار دیا ، انکا کہنا تھا کہ زمبابوین کرکٹ ٹیم کی آمد پاکستان میں انٹر نیشنل کھیلوں کے آغاز کا منہ بولتا ثبوت ہے
زمبابوے کیخلاف ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلئے پندرہ رکنی قومی ٹیم کااعلان کردیا گی
پی سی بی نے زمبابوے کیخلاف بائیس مئی سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا،ٹیم کی کمان کپتان شاہد آفریدی سنبھالیں گے ،سابق کپتان شعیب ملک ،عمر اکمل اورمحمد سمیع کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ، سیالکوٹ سٹالینز کے نعمان انور بھی سیلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے،اسکواڈ میں نائب کپتان سرفراز احمد،، محمد حفیظ،،مختار احمد،،احمد شہزاد،انور علی،محمد رضوان،بلاول بھٹی،وہاب ریاض،حماد اعظم اور عماد وسیم شامل ہیں
پاکستان میں زمبابوے کرکٹ ٹٰیم کی آمد پر سیالکوٹ میں شائقین کرکٹ نے زمبابوے ٹیم کی کٹ تیارکرلی
پاکستان میں چھ سال کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو رہی ہے اور اس سلسلے میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان پہنچ چکی ہے،شائقین کرکٹ خاصے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں،سیالکوٹ میں نجی سپورٹس کمپنی نے زمبابوے کی کرکٹ ٹٰیم کی یونیفارم تیار کر لی اور اسے سیریز کے دوران خصوصی طور پر پیش کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کے یونیفارم دو دن میں تیار کیے گئے اور ایک کھلاڑی کیلئے چار چار یونیفارم بنائے گئے ہیں،اس یونیفارم تیار کرنیوالی کمپنی اس سے قبل بھی متعدد ملکوں کی کٹس تیار کر چکی ہے
سری لنکن ٹیم پر حملے کے چھ سال بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ ایک بار پھر بحال ہو گئی
کبھی پاکستان کے کھیل کے میدان بھی آباد ہوا کرتے تھے، یہ وہی دور تھا جب آسٹریلیا، بھارت سمیت بڑی ٹیمیں پاکستان کے خلاف اس کی سرزمین پر ٹکرانے میں فخر محسوس کرتی تھیں،لیکن تین مارچ دوہزار نو کا وہ سیاہ دن جس نے سارا کھیل الٹ کر رکھ دیا،سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ روٹھ گئی،پاکستانی کرکٹ کو کسی کی نظر لگ گئی،دشمنوں کی سازشیں کامیاب ہو گئیں، اور عالمی ٹیمیں پاکستان آنے سے کترانے لگیں اس کے بعد قومی ٹیم کی کاردگری کا گراف مسلسل تنزلی کی جانب چلنے لگا۔ملک میں بین الاقوامی کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم کو غیروں کے در پر میچز کھیلنا پڑے، اور اس دوران دبئی پاکستان کیلئے ہوم گراؤنڈ ثابت ہوادوہزار نو میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد قومی ٹیم نے مختلف ٹیموں کے خلاف مجموعی طور پر تیس ایک روزہ انٹرنشنل میچز کی سیریز کھیل جس میں سے صرف چودہ سیریز میں فتح کی دیوی پاکستان پر مہربان ہوئی، پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں گیارہ انٹرنیشنل سیریز کھیلیں،جس میں گرین کیپس کو صرف چار میں ہی فتح نصیب ہوئی۔ٹیم پاکستان کا جائزہ اگر ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے لیا جائے تو دوہزار نو کے بعد قومی ٹیم نے مجموعی طور پر ستائیس ٹی ٹوئنٹی سریز کھیلیں،جن میں سے صرف بارہ میں ہی کامیابی حاصل کی، متحدہ عرب امارات میں ہونے والی بارہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سے پاکستان صرف پانچ میں فتح سمیٹ سکا، ملک میں بین الاقوامی کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم مسلسل تنزلی کا شکار نظر آئی،، بھارت میں ہونے والے آئی پی ایل میچز سے بھی پاکستانی کرکٹز کو نکال دیا گیا، ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کی بدحالی نے بھی قومی ٹیم کی کارکردگی صفر کردی، جس کا اندازہ دوہزار گیارہ اوردوہزار پندرہ کے عالمی کپ سے لگایا جاسکتا ہے، بنگلہ دیش کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد قومی ٹیم کرکٹ کی تاریخ میں سب سے نچلی سطح پر آگئی۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سے امید کی جا رہی ہے کہ کرکٹرز کا اعتماد بحال ہو گا،قومی ٹیم کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی۔
زمبابوے کی ٹیم کے دورے کے موقع پرلاہورمیں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں
چھ سال بعد پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال ہورہی ہے جو پاکستان کے لیے خوش آئند ہے اس سے دوسری ٹیمیں بھی پاکستان آنے پر رضامند ہوں گی، زمبابوے کی ٹیم کے آنے سے پاکستان کا امیج بحال ہوگا لاہور پولیس نے اس حوالے سے قذافی اسٹیڈیم میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں،قذافی اسٹیڈیم میں داخل ہونے والے افراد کو مکمل چیکنگ کے بعد اندر جانے کی اجازت دی جائے گی ۔ٹیم کی ایئرپورٹ پر آمد سے قبل ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیے گئے،ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق زمبابوے کی ٹیم کی آمد پر پانچ ہزار کے قریب پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے،سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں،قذافی اسٹیڈیم کے چاروں اطراف ماہر نشانہ بازوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز دوسری جانب چیف ٹریفک پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ کا کہنا ہے کہ ٹیم کے روٹ پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے بارہ سو کے قریب ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں اور جب ٹیم فائیو سٹار ہوٹل میں ٹھہرے گی اس دوران روٹ پر ٹریفک کو رواں دواں رکھا جائے گی۔ چیف ٹریفک پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی سے دوسرے ممالک میں اچھا پیغام جائے گیا جبکہ ٹیم کی حفاظت کے لیے ایلیٹ فورس اور رینجرز کے دستوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے اس کے ساتھ فضائی نگرانی بھی ہوگی،، قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں جیمرز لگائے گئے ہیں جس سے موبائل سروس معطل رہے گی