زمبابوے کی کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی‘ شاندار استقبال
لاہور+ اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) چھ سال بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوئی ہے اور ٹیسٹ کا درجہ رکھنے والی زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورہ پر پہنچ گئی۔ مہمان ٹیم ہرارے سے براستہ دبئی لاہور پہنچی۔ علامہ اقبال ائر پورٹ پر ٹیم کا شاندار اور والہانہ استقبال کیاگیا اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشلز سمیت صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ، سیکرٹری سپورٹس، سیکرٹری ہوم، ڈی جی پروٹوکول، کمشنر لاہور بھی موجود تھے اور انہوں نے ٹیم کو خوش آمدید کہا۔ زمبابوے ٹیم کے 30 رکنی دستہ میں 16 کھلاڑی 9 آفیشلز کے علاوہ تقریباً 5 افراد زمبابوے کرکٹ بورڈ کے آفیشلز بھی شامل ہیں۔ مہمان ٹیم کو پاکستان میں سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا جس کی سکیورٹی کے لئے چار ہزار کے قریب سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ زمبابوے ٹیم رات 2 بجے رات لاہور پہنچی جہاں سے سخت سکیورٹی میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ہوٹل شفٹ کر دیا گیا۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کی آمد اور ہوٹل سے سٹیڈیم جانے کے حوالے سے رینجرز اور پولیس نے فل ڈریس ریہرسل کی۔ ریہرسل کے دوران روٹ کو مکمل طور پر عام ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا۔ زمبابوے ٹیم کے دورہ پاکستان پر سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کئے گئے ہیں جبکہ گیٹس پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ پی سی بی کا عملہ بھی تعینا ت کیا گیا ہے اور صرف متعلقہ پولیس اہلکار اور متعلقہ بندے کو اندر آنے کی اجازت ہوگی۔ علاوہ ازیں زمبابوے کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے قبل گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم اور اس کے اطراف کے علاقوں کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ ہیلی کاپٹر میں کیمروں کے ذریعے تمام حصوں کا معائنہ کیا گیا۔ نشتر پارک کے علاقے کی سو سے زائد کیمروں سے نگرانی کی جاتی رہی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے پنجاب حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے انتظامات واضح نہ کئے جائیں، سکیورٹی سے شہر محاصرے میں نظر نہیں آنا چاہئے۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے انتظامات موثر اور جامع ہونا چاہئے، سکیورٹی بہترین لیکن کم سے کم نظر آنی چاہئے۔ پاکستان اور زمبابوے کرکٹ ٹیموں کے درمیان جمعہ کو کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شائقین بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں اور میچ کے 75 فیصد ٹکٹ فروخت ہو گئے۔ پی سی بی حکام توقع کر رہے ہیں کہ چھ سال بعد پاکستان میں بحال ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کو دیکھنے والے شائقین کی بڑی تعداد قذافی سٹیڈیم پہنچے گی۔ علاوہ ازیں زمبابوے کرکٹ ٹیم کی لاہور آمد سے چند گھنٹے قبل پولیس اور سکیورٹی اداروں نے نشتر سپورٹس کمپلیکس کا چارج سنبھال لیا۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے موقع پر صدر مملکت کے برابر سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے روٹ پر آنے والے تھانوں کو جدید اسلحہ اور بلٹ پروف جیکٹس مہیا کر دی گئیں تاکہ غیرملکی ٹیم کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک تھانے کو 35جدید رائفل اور ایک اہلکار کو 5میگزین دئیے جائیں گے۔ ادھر مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنی ہرارے روانگی سے قبل ہی سوشل میڈیا پر اپنی آمد کے حوالے سے پیغامات جاری کرنا شروع کر رکھے ہیں، اکثر کھلاڑیوں سمیت زمبابوے ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور بھی ٹویٹر پر دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنے پیغامات وقفے وقفے سے جاری کر رہے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں اب تک 58ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں جس میں پاکستان نے 29مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سٹیڈیم میں اب تک کوئی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا گیا۔ علاوہ ازیں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران مہمان کھلاڑیوں کیلئے کھانے کا مینو بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ 20قسم کے مقامی اور بین الاقوامی سلاد سمیت 13قسم کے پاکستانی کھانے بھی مینیو میں شامل ہیں، مہمان ٹیم کے استقبال کیلئے مقامی ہوٹل میں خیرمقدمی بینرز بھی آویزاں کر دئیے گئے۔ علاوہ ازیں زمبابوے کے ٹیم کے کوچ اور کپتان آج پریس کانفرنس کرینگے۔