زمبابوے ٹیم کا دورہ، سپورٹس بورڈ کا سکیورٹی کنٹرول روم آپریشنل کر دیا گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پرنیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قائم سپورٹس بورڈ پنجاب کے سکیورٹی کنٹرول روم کو آپریشنل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے بتایا کہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی کیلئے 79سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 25 کیمرے لگائے ہیں اس طرح سو سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے پورے کمپلیکس کی سکیورٹی کی جا رہی ہے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب نے بتایا کہ سکیورٹی کنٹرول روم میں جو سافٹ ویئر لگایا گیا ہے وہ دنیا کا نمبر ون سافٹ ویئر سسٹم ہے، یہی سسٹم فیفا نے 2014ء کے فٹ بال ورلڈکپ میں استعمال کیا تھا۔ اس سسٹم میں میں 250 کیمرے لگانے کی گنجائش موجود ہے۔