لاپتہ کمپیوٹر انجینئر کی بازیابی کیلئے ایس ایچ او تھانہ گولڑہ سے انکوائری رپورٹ طلب
اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ کمپیوٹر انجینئر کی بازیابی کیلئے دائر کیس میں ایس ایچ او تھانہ گولڑہ سے انکوائری رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 21 مئی تک ملتوی کر دی۔ گزشتہ روز جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے کمپیوٹر انجینئر فہد صادق جدون کی بازیابی کے لئے دائر کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ ندیم احمد شاہ جبکہ پولیس کی جانب سے ایس ایچ او تھانہ گولڑہ محمد تنویر عدالت میں پیش ہوئے۔ ایس ایچ او نے عدالت کو بتایا کہ پولیس فہد صادق جدون کی ان کالوں کو ٹریس کر رہی ہے لیکن ابھی تک کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ لہذا عدالت مزید وقت دے اس پر عدالت نے کہا کہ جب تک آپ کسی میں دلچسپی نہیں لیں گے تو کامیابی کیسے حاصل ہو سکتی ہے۔ کال ٹریس کرنا تو ایک گھنٹے کا کام ہے عدالت پہلے ہی تین دن کا وقت دے چکی ہے۔ فاضل جج نے ایس ایچ او تھانہ گولڑہ کو انکوائری رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت 21 مئی تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ عدالت میں لاپتہ کمپیوٹر انجینئر کے والد محمد صادق جدون نے پٹیشن دائر کر رکھی ہے کہ اس کا بیٹا فہد جدون 18 مارچ کو اپنے دفتر گیا اور پھر واپس نہیں آیا۔ دو ماہ گزرنے کے باوجود بھی پولیس نے ابھی تک باقاعدہ طور پر مقدمہ درج نہیں کیا۔