بھارت میں زیادتی کی شکار نرس 42 سال تک کوما میں رہنے کے بعد چل بسی
ممبئی (آئی این پی )بھارت کے شہر ممبئی کے ایک ہسپتال میں چار دہائیوں تک کوما میں رہنے والی زیادتی کا شکار نرس ارونا شانباگ 68 سال کی عمر میں دم توڑ گئی ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کے ای ایم ہسپتال کے ڈیوٹی افسر ڈاکٹر پروین بانگر کے مطابق پیر کی صبح ارونا شانباگ کی موت واقعہ ہو گئی۔وہ گذشتہ چار دنوں سے وینٹیلیٹر پر تھیں۔ انھیں نمونیا ہو گیا تھا۔1973 میں کنگز ایڈورڈ میموریل ہسپتال کے ایک ملازم نے انھیں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔اس واقعے کے دوران ان کے سر پر گہری چوٹ آئی جس سے ان کی بینائی جاتی رہی اور کانوں سے سننا بھی کم ہوگیا اور ارونا کے دماغ کو آکسیجن نہ مل پانے کی وجہ سے وہ کوما میں چلی گئی تھیں۔