پنڈ دادنخان میں 300 میگا واٹ کا کول پاور پلانٹ منصوبہ 2017 میں مکمل ہو گا: وزیر معدنیات پنجاب
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے صوبہ بھرمیں توانائی اور کان کنی کے شعبوں کی ترقی کیلئے خطیرفنڈزمختص کئے گئے ہیں، توانائی بحران کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے یہ بات یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈائریکٹرانرجی اینڈ ریسرچ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹروقار محمود کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔کول ایکسپرٹس رؤف خالد ، جہانزیب سرفراز اور محسن اجمل وفد میں شامل تھے۔صوبائی وزیر معدنیات نے وفد کو بتایا کہ سالٹ رینج میں 600ملین کے کوئلے کے ذخائر موجود ہیں جن کو استعمال میں لانے کے لئے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی کوئلہ دنیا بھر میں توانائی کی پیداوار کے لئے انتہائی مناسب ہے۔چوہدری شیر علی نے بتایاکہ چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن پنڈدادنخان میں 300میگاواٹ گنجائش کے کوئلہ سے چلنے والے پہلے پاور پلانٹ کے قیام کیلئے کام کر رہی ہے۔ منصوبہ کی آپریشنل سائٹ پر100 سے زائد چینی ماہرین نے کام کاآغازکردیا ہے ، منصوبہ2017ء کے آخر میں مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ پنڈدادنخان کول پاور پلانٹ سے نہ صرف50بلین روپے کی سرمایہ کاری عمل میں آئے گی بلکہ مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع بھی پیداہوں گے۔ منصوبے کا دوسرا حصہ چواسیدن شاہ کے علاقے میں کوئلہ کی کان کنی ہے جہاں سے پنڈدادنخان پاور پلانٹ کیلئے روزانہ 6000ٹن کوئلہ تیار کیا جائے گا۔