کے ایس ای 100 انڈیکس 2 نفسیاتی حدوں سے گر گیا‘ سرمایہ کاری میں 34 ارب سے زائد کمی
کراچی+ لاہور (مارکیٹ رپورٹر + کامرس رپورٹر ) کراچی میں سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو اتارچڑھاؤ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 31000 اور 32900کی نفسیاتی حد وںسے گرگیا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 34 ارب 49 کروڑ روپے سے زائد کی کمی ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 32.80 فیصدکم جبکہ 66.86 فیصد حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی ۔ ملک میں جاری سیاسی بے چینی اورامن و امان کی ناگفتہ بہ صورت حال کے باعث تیزی کے اثرات کے زائل ہوگئے ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 153.14پوائنٹس کمی سے 32886.06 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر 344 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا۔ سرمایہ کاری مالیت میں34 ارب 49 کروڑ 95لاکھ 14 ہزار 212 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر71کھرب 47 ارب 42 کروڑ 42 لاکھ 65 ہزار 939 روپے ہوگئی ۔ پیرکو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں11کروڑ 75 لاکھ 38 ہزار 470 شیئرز رہیں جوجمعہ کے مقابلے میں 5 کروڑ 73 لاکھ 76 ہزار70 شیئرزکم ہیں۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں سوموار کے روز مندی کا رجحان رہا -مجموعی طور پر73 کمپنیوں کے حصص میں کاروبارہوا۔ 2 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ 19کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 52 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 74.45پوائنٹس کی کمی کے ساتھ5508.98 پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں کل5 لاکھ47 ہزار600 حصص کا کاروبار ہو ا ۔