کوئٹہ ‘پشاور (نوائے وقت رپورٹ) سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعد انتظامیہ نے بلوچستان یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کر دیا اور دوسرے صوبوں کیلئے آج سے ٹرین سے سروس بحال ہو گی۔ اس حوالے سے رجسٹرار بلوچستان یونیورسٹی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق جامعہ بلوچستان سمیت تمام کیمپسز کو اپنی تعلیمی سرگرمیاں آن لائن کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ جامعہ بلوچستان کی انتطامیہ کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کو تمام ڈیٹا آن لائن شفٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈین اور ڈائریکٹرز رجسٹرار آفس کو ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کردی گئی۔ نوٹیفکیشن میں یونیورسٹی کے عملے کو معمول کے مطابق اپنے دفاتر میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں پہلے ہی طالبات کیلئے آئن لائن کلاسز کا اجراء کیا جا چکا ہے۔ یونیورسٹیز کو سکیورٹی خدشات کی بنا پر بند کیا گیا ہے۔ بلوچستان آئی ٹی یونیورسٹی (بیوٹمز) میں تمام کلاسز عید الفطر تک معطل رہیں گی اور ٹرانسپورٹیشن غیر معینہ مدت تک بند رہے گی۔ ژوب اور مسلم کیمپس میں تدریسی عمل معمول کے مطابق رہے گا۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق بلوچستان کے علاقے مشکاف میں ریلوے ٹریک کی مرمت مکمل کر لی گئی۔ کوئٹہ سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس بدھ سے بحال ہو گی۔ ٹرین کی روانگی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے۔ ڈرون کے ذریعے بھی ٹرین کی نگرانی کی جائے گی‘ ریلوے سٹیشن اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ واضح رہے11 مارچ کو جعفر ایکسپریس پر حملے کے نتیجے میں ٹرین آپریشن معطل کیا گیا تھا‘ مشکاف میں جعفر ایکسپریس پر حملہ میں ریلوے کا 382 فٹ ٹریک متاثر ہوا تھا۔ حملے کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے کئی جوان اور شہری شہید ہوئے تھے۔‘جعفر ایکسپریس حملے کے9 میں سے 8 زیرعلاج مریضوں کوکوئٹہ ہسپتال سے ڈسچار ج کر دیا گیا۔ ایک مریض اب بھی زیرعلاج ہے۔
بلوچستان میں یونیورسٹیاں بند، دوسرے صوبوں کیلئے ٹرین سروس آج سے بحال
Mar 19, 2025