ژوب میں دھماکہ، 2 اہلکار شہید، بنوں، چار سدہ، 3 دہشتگرد ہلاک

Mar 19, 2025

پشاور‘ لکی مروت‘ ژوب (آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ‘ نیٹ نیوز) بنوں‘ چارسدہ میں3 دہشتگرد ہلاک‘ ژوب میں دھماکے سے دو اہلکار شہید‘ مالاکنڈ میں موٹر وے پولیس کی گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی اور لکی مروت میں  2 اغوا کاروں کوگرفتار کرلیا گیا۔ وزیرستان کے چار اضلاع میںکرفیو کا اعلان کردیا گیا۔ سینٹرل پولیس آفس پشاورکے مطابق سی ٹی ڈی نے بنوں اور چارسدہ میں کارروائی کی۔ اس  دوران3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ چارسدہ میں کارروائی کے دوران مطلوب دہشتگرد جاوید خان ہلاک ہوا جس کے قبضے سے دستی بم، پستول، پرائما کارڈ اور سیفٹی فیوز برآمد ہوئے۔ بلوچستان‘ ژوب کے علاقے سمبازہ میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق دھماکے میں دو سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ مالاکنڈ میں ایکسپریس وے ٹنل کے قریب موٹروے پولیس کی گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں موٹروے پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ میں پولیس نے کارروائی کر کے 2 اغوا کار گرفتار کر لیے اور 2 مغویوں کو بازیاب کروا لیا۔ پولیس نے گنڈی چوک پر مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا تو کار سوار افراد نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا، جبکہ ملزموں کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزموں سے 3 کلاشنکوف، 1400 گرام سونا اور  27  لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بازیاب مغویوں کا تعلق سرگودھا سے ہے۔ خیبر پی کے کے اضلاع  اپر جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان اور ٹانک میں آج سے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں نواز کوٹ پل سے ڈنگن تک آج کرفیو ہوگا۔ ڈنکن سے میلوگئی پل تک بھی صبح 6 سے شام 6 بجے تک کرفیو رہے گا۔ ٹانک میں کوڑ قلعہ سے منزئی تک اور کڑی وام سے جنڈولہ تک کرفیو نافذ رہے گا، کوڑ قلعہ سے گومل اور گرداوائی وانا کا روڈ کھلا رہے گا۔ جنوبی وزیرستان اپر میں صبح 6 سے شام 6 بجے تک عزیز آباد چوک سے سرویکئی اور جنڈولہ سڑک بند رہے گی۔  ڈپٹی کمشنر کے اعلامیے کے مطابق  اسپن مسجد، آسمان منزا اور لدھا سے مکین تک کی سڑک بھی بند رہے گی، بی بی راغزئی سے کوٹکئی اور جنڈولہ تک کی سڑک بھی کل بند رہے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑکیں سکیورٹی خدشات کی وجہ سے کل بند رہیں گی، مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ متبادل راستے اختیار کریں۔ بنوں، ڈومیل بنوں میں موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی جس سے سابق ایف سی اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ ملزمان مقتول کی موٹر سائیکل اور موبائل فونز بھی لے گئے۔

مزیدخبریں