معروف ڈرامہ" تیرے بن" کی اداکارہ کو دھمکیاں ملنے لگیں
نجی ٹی وی کے معروف ڈرامے " تیرے بن" میں ولن کا کردار ادا کرنیوالی اداکارہ سبینا فاروق کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں ملنے لگیں۔اداکارہ سبینا فاروق نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک سٹوری میں لکھا کہ انہیں ڈرامہ " تیرے بن" میں حیا کا کردار ادا کرنے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دھمکیاں دی جاری ہیں جو کہ ان کے لیے پریشان کن ہیں۔انہوں نے لکھا کہ میں ڈراما تیرے بن میں اپنے کردار سے متعلق لوگوں کی جانب سے بنائی گئی میمز سے محظوظ ہو رہی تھی، لیکن ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے، یوٹیوب پر جعلی اور بیہودہ مواد ڈالا جارہا ہے، اور مجھے دھمکیاں دی جارہی ہیں، یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے پریشان کن ہے، حیا صرف ڈرامے کا ایک کردار ہے۔اداکارہ نے ٹرولرز سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ میں درخواست کرتی ہوں کہ اپنا غصہ مجھ پر نکالنا بند کریں اور میں ان لوگوں پر لعنت بھیجتی ہوں جو جعلی یوٹیوب ویڈیوز بنا کر پیسے کماتے ہیں، اگر میں اتنی بری ہوں تو مجھے فالو کرنا بند کریں اور ڈرامے میں حیا کے کردار میں نہ دیکھیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مجھے مزید کوئی دھمکی دی گئی تو میں نام اور ان کے یوٹیوب چینلز ظاہر کرکے سب کو دکھاؤں گی اور پوسٹ کروں گی۔