مریم نواز کا گوجرانوالہ سے الیکشن لڑنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہوں:خرم دستگیر
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نوازشریف کے گوجرانوالہ سے الیکشن لڑنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دختر پاکستان مریم نواز ملک کو بچانے اور ملکی سیاست کے تحفظ کی جنگ لڑرہی ہیں۔مریم نوازکا گوجرانوالہ کے صوبائی حلقے سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ خوش آئند ہے گوجرانوالہ کے عوام اور مسلم لیگی کارکن اپنی قائد مریم نوازشریف کو خوش آمدید کہتے ہیں۔گوجرانوالہ کے غیور عوام اپنے محبوب قائد میاں نوازشریف کیساتھ دلی محبت کرتے ہیں اور قائد کی بیٹی کو اپنے ووٹ کی طاقت سے بھاری اکثریت کیساتھ کامیاب کروائیں گے۔گوجرانوالہ کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ ن کیساتھ اپنی محبت کا اظہار کیا اور ووٹ کی طاقت سے2018 کے انتخابات میں بھی عوام دشمن قوتوں کو بری طرح مسترد کیا تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو ہیڈ کوارٹر کیمپ آفس میں آنیوالے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو رتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے مزید کہا کہ عمران خان نے سیاسی میدان میں فتنہ اور فساد کو فروغ دیا۔تحریک انصاف پاکستان کی سیاسی نہیں بلکہ فتنہ جماعت کے طور پر ابھری ہے۔ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے عمران خان کو مسترد کردیں گے۔