علماء کی ذمہ داری ‘قوم کو فتنوں سے بچائیں،علامہ شہزادمہروی
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) تحریک پیغام اسلام پاکستان کراچی کے ناظم اعلیٰ علامہ محمدشہزادمہروی نے کہاہے کہ علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ قوم کو فتنوں سے بچائیں،بدترین فتنوں کا دورہے، اسلام کی بنیادوںاور اقدارونظریات پر پے درپے حملے ہو رہے ہیں ،جس کا جی چاہتاہے اسلام کی اپنے طورپر توضیح پیش کرکے قوم کو انتشارمیں مبتلاکررہاہے،ٹرانسجینڈرقانون، عورت مارچ، تعلیمی اداروں میں اسلام سے متصادم نصاب ، امتحانات میں نازیباسوالات اور اسرائیلی پرچم لہرانے کے واقعات اسلامیان پاکستان کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں۔یہ باتیں انہوں نے تحریک پیغام اسلام پاکستان کراچی کے صدر علامہ معراج الدین اخترالقادری کے زیرصدارت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپنے طورپر صحابہء کرام کی درجہ بندی درست نہیں،نبی کریم ﷺ یہ کام پہلے ہی کرچکے ہیں۔ دینی علوم کا تعلق عقل سے نہیں نقل سے ہے، صحابہء کرام سے جودین ہم تک پہنچاہم اسی پر عمل کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔تحریک پیغام اسلام پاکستان کراچی کے عہدیداران مفتی محمد یامین نقشبندی ،مفتی محمد اکرام الحسن نقشبندی، مولانا قاری محمد ساجد اعوان ، مفتی محمد عارف سعیدی، مولانا راشد سعیدی، علامہ عبد الحفیظ قادری، مفتی محمد طارق چشتی ، مفتی محمد سلیم نقشبندی ،علامہ غلام محی الدین اخترالقادری، مولانا محمد ارشاد نظامی ودیگر نے اپیل کی ہے کہ اہلسنّت وجماعت اپنی صفوں میں اتحادبرقراررکھیں اور اپنی قوت کو مجتمع کریں،مملکت خدادادوطن عزیزپاکستان ہمارے اکابرین کی امانت ہے، اس کی حفاظت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔