سیاسی افراتفردی سے ملک وقوم کو نقصان پہنچ رہا‘حاجی حنیف طیب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین نظام مصطفی پارٹی سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے بڑھتی ہوئی مہنگائی،ملک کی سیاسی کشیدہ صورت حال پر گہری تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ صورت حال کسی کے مفادمیں نہیں حکومت اوراپوزیشن کی اولین ترجیح ملک وقوم ہوناچاہیے ،گیس ،پیٹرولیم مصنوعات ،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ’’مرے کومارے شاہ مدار‘‘کے مترادف ہے۔غریب عوام کومہنگائی کی چکی نے پیس کررکھ دیاہے،ضروریات زندگی کی تمام اشیاء عوام کی قوت خرید سے باہر ہیں،ذخیرہ اندوزوں، ناجائزمنافع خوروں نے رمضان المبارک سے قبل ہی کھانے پینے،پھلوں،سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیاہے کوئی روکنے اورپوچھنے والانہیں ہے،حکومت اوراپوزیشن جماعتیں عوام کے مسائل پر توجہ دینے کے بجائے، سیاسی ماحول کو کشیدہ بنایا جارہاہے ،ملک میں افراتفردی کی سیاست سے ملک وقوم کو ہی نقصان پہنچ رہاہے سیاسی جماعتوں کے رہنمااپنے دلوں میں گنجائش پیداکریں مل بیٹھ کر سیاسی لائحہ عمل اورضابطہ اخلاق طے کریں۔ قومی مفادمیں مشترکہ ملک وقوم کی فلاح وترقی کیلئے لائحہ عمل طے کیاجائے ۔حاجی حنیف طیب کا مزید کہناتھا کہ سیاست دانوں کو یہ سوچنا چاہیے اگر وہ ملک میں ایم پی اے ،ایم این اے،سینیٹرزیاکسی بھی عہدے پرہیں توصرف پاکستان کا فیضان ہے اگر پاکستان نہ بنتا توشایدمتحدہ ہندوستان میں کونسلربھی منتخب نہ ہوتے ،بیورکریٹس یا کوئی اعلیٰ عہدے پرہیں اگر پاکستان نہ بنتا توزیادہ سے زیادہ کلرک یا اسسٹنٹ ہوتے، لہٰذا ملک کی قدرکی جائے اورقوم تباہی سے نکلاجائے۔