شہباز شریف کو این آر او مانگتے دیکھا، بلاول کے لئے تیسری بار معافی کی گنجائش نہیں : شیخ رشید
لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان 30 مارچ کو لاہور ریلوے سٹیشن سے 2 بجکر 45 منٹ پر جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔ 3 بجے یہ ٹرین لاہور کینٹ ریلوے سٹیشن سے کراچی کی طرف راونہ ہوجائے گی۔ اس کا کرایہ لاہور سے کراچی تک 7 ہزاررکھا گیاہے، فوڈ بیڈنگ اور ناشتہ سارا اعزازی طور پر مہیاکیاجائے گا ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ تفتان سے کوئٹہ کے درمیان 700 کلومیٹر کے ٹریک کو سٹینڈرڈ گیج میں تبدیل کیاجائے اور160کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے نیاٹریک بچھائیں گے۔25سال کے بعددرگئی کو کراچی سے جوڑنے جارہے ہیںاسکے بعد کوہاٹ سے بھی شروع کریں گے اسی ہفتے میں خود اس کے ٹرائل کی بنیاد پر مانیٹرنگ کرنے جارہا ہوںتاکہ نوشہرہ ، کاٹلنگ ، سخاکوٹ ، سوات ، دیرکے محنت کش پٹھان مزدوروں کے لیے ایک سلسلہ شروع کیاجائے۔ چین سے 69لوکوموٹیوز جو ریجکٹ کیے جاچکے ہیں اُن میں سے پانچ لوکوموٹیوز کو ٹرائل کی بنیاد پر رسالپور لوکوموٹیوز فیکٹری میں ٹھیک کرنے کا کام شروع کیاہے۔ پانچ لوکوموٹیوز کو ایل این جی پر ٹرانسفرکرنے کے لیے ٹینڈردے رہے ہیںاور اس پر کام شروع کیاہے۔ اگرلوکوموٹیوز کو ایل این جی پر ٹرانسفرکرنے کا تجربہ کامیاب ہوگیاتو جو 18 بلین آئل کا خرچہ ہوتاہے تو وہ کم ہوکر 9 سے 10 ارب پر آجائے گا۔ ڈی ای ایم یو کے ساتھ شٹل ٹرین چلانے جارہے ہیں یہ شٹل ٹرین لاہور ، فیصل آباد ، ملتان ، سکھر ، حیدرآباد، کراچی اور راولپنڈی کے درمیان چلا کرے گی جس سے فاصلہ کم ہوگا اورکوالٹی سروس بھی ملے گی۔ 15 اپریل سے لاہور راولپنڈی کے ٹائم میں آدھاگھنٹہ کم کررہے ہیں اسی طرح لاہور کراچی کے درمیان نان سٹاپ کے ٹائم کو بھی 16 کی بجائے 15 گھنٹے تک لے کر جائیں گے۔ غریبوں کے لیے بھی ایک نائٹ ٹرین چلائیں گے ، ایک اکانومی کلاس کی ٹرین بھی چلائیں گے اور 15 اپریل سے کرائے ریشنلائزکریں گے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی سے براستہ لاہور ، کراچی کے درمیان سرسید احمد خان کے نام سے نان سٹاپ ٹرین چلائیں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے قوم سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کانوں میں ہینڈ فری لگاکر ٹریک پر ورزش کرنا چھوڑ دیں۔ 20 ٹرینیں ہم نے پہلے چھ ماہ میں چلائی ہیں 20 اور چلانے جارہے ہیںآٹھ فریٹ ٹرینوں کو ہم 14 فریٹ ٹرینوں پر لے آئے ہیں۔ ہم نے نئی پالیسی متعارف کروائی ہے جس کے تحت اوورسیز پاکستانی اپنا رولنگ سٹاک اور لوکوموٹیوز لے کر آئیں ہم ان کو اپنا ٹریک دینے کے لیے تیار ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ہم نے چار ٹرینیں پرائیویٹ سیکٹر کو دی ہیں دو ایک پارٹی کو دی ہیں اور باقی دوٹرینیں دوسری پارٹی کو دی ہیں۔ چین کے ساتھ ہماری دوستی پہلے ہی ہمالیہ سے بلند ہے اس کے علاوہ ایران کوریا اور ترکی سے بھی ہماری بات چیت شروع ہوچکی ہے کیونکہ گوادر کے بعد سینٹرل ایشیاء میں ریل کا بہت بڑا جال بچھے گا ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں بھی ریل کا جال بچھادیاجائے۔ 27 اپریل کو وزیراعظم پاکستان چین جائیں گے ہماری کوشش ہے کہ اُس سے پہلے ایم ایل ون پر دستخط ہوجائیں۔ بے شک اُس کو دو یاتین حصوںمیں ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔ اگر ایم ایل ون کی تبدیلی کا چائنہ کے ساتھ کنٹریکٹ ہوجاتا ہے تو پانچ سے دس سال کے لیے پاکستان ریلوے کنٹریکٹ کی بنیاد پر 1 لاکھ لوگوں کو نوکریاں دے گا۔ ریلوے کے مزدوروں کے لیے ایک اضافی گریڈ کی کوشش جاری ہے۔ ہم چار نئی مال گاڑیاں بھی شروع کرنے جا رہے ہیں ، چین ، ایران اور کوریا کے تعاون سے بڑا ریلوے نیٹ ورک قائم کریں گے ،کوشش ہے وزیراعظم کے آئندہ دورہ چین میں ایم ایل ون معاہدے پر دستخط ہوں گے۔شیخ رشید نے ایک بار پھر دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ میں نے شہباز شریف این آر او مانگتے سنا ہے، انہوں نے اپنے لیے این آر او لیا یا نہیں یہ مجھے نہیں پتا لیکن شہباز شریف وکٹ کے دو جانب کھیل رہے ہیں ، نواز شریف، مریم اور آصف زرداری کو این آر او مانگتے نہیں سنا، یہ حکمران ہوں تو ٹارزن بنے پھرتے ہیں باہر ٹائیں ٹائیں فش ہو جاتی ہے ، نہ انہیں پاکستان کی دوائیں اور نہ ڈاکٹر نہ ہسپتال پسند ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس ڈیل یا ڈھیل دینے کی کوئی گنجائش نہیں ۔نوائے وقت نیوز کے مطابق شیخ رشید کا کہنا ہے بلاول کو دو مرتبہ معاف کیا‘ تیسری مرتبہ گنجائش نہیں‘ شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں‘ چھوٹے بھائی نے خود کو بڑے بھائی کی سیاست سے دور رکھا۔ مسلم لیگ ن والے اپنے کیسز لاہور اور پیپلز پارٹی والے کراچی میں لگوانا چاہتے ہیں‘ دونوں ہی عدالتوں سے ضمانتیں چاہتے ہیں‘ بختاور بیٹی کو جواب نہیں دوں گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو دوائی کی ضرورت ہے نہ ڈاکٹروں کی‘ ان کو ہسپتال کے بستروں سے بدبو آتی ہے۔ ان کی سوئی بیرون ملک علاج کرانے پر پھنسی ہوئی ہے۔ ان کے گھر اور اولادیں باہر ہیں‘ یہ جیل نہیں کاٹ سکتے‘ یہ شیر نہیں گیدڑ ہیں۔ ن لیگ کاایک ہی ایجنڈہ ہے‘ مال بنانا اور لندن جانا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل این جی کیس میں ثبوت مل چکے ہیں‘ شاہد خقان عباسی نہیں بچ سکتے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے اعلان کیا کہ اگر علماء آج اعلان کریں کہ جہاد فرض ہو چکا ہے‘ تو وہ جہاد کے لئے نکل کھڑے ہوں گے۔مریم نواز بیٹیوں جیسی ، کسی بات کا جواب نہیں دونگا۔