سانحہ نیوزی لینڈ پر عمران ، اردگان کے بیان امت مسلمہ کے جذبات کے ترجمان ہیں: صمصام
لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب سید صمصام علی بخاری نے نیوزی لینڈ کے دلسوز واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں نے امن کے لیے جتنا خون دیا ہے دنیا میں کسی اور نے نہیں دیا۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور صدر طیب اردگان کے نیوزی لینڈ دہشت گردی سے متعلق بیانا ت نہ صرف قابل ستائش ہیں بلکہ اُمت مسلمہ کے جذبات کی صحیح ترجمانی کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا وہ انسانیت کا سب سے بڑا دشمن ہوتا ہے اور دہشت گردی میں سب سے ذیادہ پاکستان متاثر ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گورنر ہائوس کراچی میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سندھ اسمبلی کے اراکین سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی جمال صدیقی ، سعید خان آفریدی اور عزیز آفریدی بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد نے دنیا کو ایک اچھا پیغام دیا ہے اور اس کا کریڈیٹ کراچی کے عوام اور سیکیورٹی ایجنسیوں کو جاتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں پبلک اکائونٹس کمیٹی کی سربراہی اُن شخصیات کو دی گئی جن کے خلاف مختلف عدالتوں میں مقدمات چل رہے ہیں لیکن سندھ میں پی اے سی کی سربراہی اپوزیشن کو دینے کے معاملے میں پیپلزپارٹی کا رویہ قابل افسوس ہے حالانکہ یہ پارٹی چارٹر اف ڈیموکریسی کی دعوے دار ہے ۔ صمصام بخاری نے کہا کہ ان کے کراچی کے دورے کا مقصد پنجاب اور سندھ کی ثقافت کو پروان چڑھانے کے لیے اراکین سے مشاورت کا عمل جاری کرنا تھا۔