کانگو میں ٹرین پٹڑی سے اتر گئی بچوں سمیت 32افراد ہلاک
برازاویلا (انٹرنیشنل ڈیسک) افریقی ملک کانگو میں مال بردار ٹرین پٹری سے اتر گئی جس کے نتیجے میں اس میں غیر قانونی طور پر سوار 32 مسافر ہلاک ہو گئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک کانگو کے صوبے کسائی کے علاقے بینا لیکا میں مال بردار ٹرین کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور ایک دوسرے سے ٹکرا کر بری طرح تباہ ہو گئیں۔ حادثے میں 32 افراد کے ہلاک اور 31 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ریلوے پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ یہ مال بردار ٹرین تھی جو عمومی طور پر مسافروں کیلئے نہیں ہوتی تاہم ٹکٹ کے پیسے بچانے کیلئے مسافروں کی بڑی تعداد ایسی ٹرینوں کے بوگیوں میں چھپ کر سفر کرتے ہیں۔ اس لئے ٹرین میں مسافروں کی تعداد سے متعلق کوئی مستند اعدادو شمار میسر نہیں۔ ریلوے پولیس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اب تک 24 نعشیں نکالی جا چکی ہیں جن میں اکثر بچے ہیں جو تفریحاً ایک سٹیشن سے دوسرے سٹیشن کیلئے ٹرین میں سوار ہو جاتے ہیں ہسپتال پہنچ کر آٹھ زخمیوں نے دم توڑ دیا۔