والدسے ملاقات کیلئے ابھی تک اجازت کی منتظر ہوں،مریم نواز
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ والد سے ملاقات کیلئے ابھی تک اجازت کا انتظار کررہی ہوں، پانچ دن سے والد سے ملاقات نہیں ہوئی، ذاتی معالج کو بھی نہیں ملنے دیا جارہا۔منگل کو مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں، والد سے میرا پانچ دن کوئی رابطہ نہیں ہوا۔مریم نواز کہا کہ میں اپنے والد کی طبیعت سے متعلق پریشان ہوں، میرے پاس اور کوئی طریقہ بھی نہیں میں اپنے والد کی خیریت دریافت کرسکوں۔ دریں اثناء مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ ایک بیمار والد سے اس کی بیٹی کو ملنے سے روکنا بلیک میلنگ اور مجرمانہ ذہنیت کی انتہا ہے،عمران خان کا مریم نواز کو نواز شریف سے نہ ملنے دینے کا حکم ان کی ذہنی و اخلاقی پستی کا عکاس ہے،عمران نیازی صاحب باپ اور بیٹی کے رشتے کی اہمیت کیا جانیں ؟ مریم اورنگ زیب نے کہا کہ انسانی اقدار، قانونی تقاضوں کے منافی یہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت رویہ ہے،عمران خان اپنے عمل سے ثابت کر رہے ہیں کہ وہ فسطائی ذہنیت کے مالک ہیں،اس شخص کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہے ہیں جس کے بنائے منصوبوں کے فیتے،وہ بے شرمی سے کاٹتے ہیں۔