سرگودھا‘ کار پر اندھا دھند فائرنگ‘ طالب علم سمیت2 افرادا جاں بحق
سرگودھا (نامہ نگار) سرگودھا کے وسطی علاقہ سیٹلائٹ ٹائون میں طالب علم سمیت 2افراد کے قتل کی لرزہ خیز واردات، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، مرنے والے بدنصیب افراد کی نعشیں ہسپتال منتقل، ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں سیٹلائٹ ٹائون میں رحمۃ للعالمین پارک کے نزدیک ڈی بلاک سیٹلائٹ ٹائون کا رہائشی ریاض احمد چیمہ اپنی گاڑی نمبری بی ٹی 1495پر جارہا تھا کہ ٹیوٹا کرولا کار نمبری 569پر آنے والے 4مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں ریاض چیمہ اور ایک 20سالہ نوجوان طالب علم غلام محی الدین فائرنگ کی زد میں آکر موقع پر ہی دم توڑ گئے، قتل کی اس سنگین واردات پر علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ذرائع کے مطابق یہ واردات کچھ عرصہ قبل نواحی علاقہ میں چیمہ گروپ کی جانب سے یوسی چیئرمین اکرم گجر کے قتل کا شاخسانہ ہے، پولیس نے نعشوں کو ہسپتال منتقل کرکے حملہ آور ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی۔