فیض آباد دھرنا کیس: انسداد دہشت گردی عدالت نے خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کی گرفتاری کا حکم دیدیا
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے فیض آباد دھرنا کیس میں تحریک لبیک کے خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کی گرفتاری کا حکم دے دیا ۔ملزمان کے خلاف دھرنے کے دوران توڑ پھوڑ اور پولیس اہلکاروں پر حملے کے مقدمات بھی درج ہیں۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ ارجمند نے فیض آباد دھرنا کیس تحریک لبیک کے خادم حسین رضوی کومفرور ملزم قرار دیتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیا ہے ۔گزشتہ سماعت پر پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا تھا کہ مولانا خادم حسین رضوی سمیت چار ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہیں لیکن بار بار طلبی کے باوجود ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہو رہے اورپراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ملزمان کو مفرور قرار دیا جائے اور اس کے باوجود عدم حاضری کی صورت میں اشتہاری ٹھہرایا جائے۔عدالت کی جانب سے چالان پیش کرنے کے حکم کے باوجود پولیس حتمی چالان پیش نہ کرسکی جس پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔