کاشتکار مکئی کی بجائے ہائی ویلیو ایگریکلچر فصل کی کاشت پر توجہ دیں :محکمہ زراعت
لاہور(نیوزرپورٹر)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق بہاریہ مکئی کی کاشت کا مناسب وقت وسط جنوری تا15 مارچ ہے ۔وسط مارچ کے بعد کاشت مکئی کی فصل اتنی اچھی پیداوار نہیں دے پاتی ،اس لئے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ اس سٹیج پر مکئی کی بجائے ہائی ویلیو ایگریکلچر کراپ کی کاشت پر توجہ دیں۔ کسی بھی زرعی اجناس کو جب ایک خاص حد سے زیادہ کاشت کیا جاتا ہے تو اس کی مارکیٹ ڈیمانڈ اینڈسپلائی عدم توازن کا شکار ہو جاتی ہے اور مارکیٹ میں زرعی جنس کی زیادتی کے باعث کاشتکاروں کو فصل کی مناسب قیمت میسر نہیں آتی۔ دنیا بھر میں ترقی یافتہ ممالک میں اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ مارکیٹ عدم توازن کا شکار نہ ہو،پہلے سے کی گئی پلاننگ کی بدولت کاشتکار اجتماعی طور پر مستفید ہو جاتے ہیں۔مکئی کی کاشت تقریباً مکمل ہو چکی ہے،مزید کاشت مارکیٹ میں مکئی کے کاشتکاروں کیلئے اچھی قیمت کے معاملے میں مسائل حائل کرے گی۔اسی لئے کاشتکاروں کے اجتماعی وسیع تر مفاد کے پیشِ نظر محکمہ زراعت کی جانب سے ان کاشتکار بھائیوں کو مشورہ دیا جا رہا ہے،جو اس سٹیج پر مکئی کاشت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں کہ وہ مکئی کی کاشت کی بجائے اب کسی دوسری منافع بخش فصل کی کاشت کی طرف توجہ دیں تاکہ مکئی کی مارکیٹ عدم تحفظ کا شکار ہونے سے محفوظ رہے اور مکئی کے کاشتکار اچھی قیمت پا سکیں۔