کوئٹہ اور پشاور زلمی کے پاکستانی کھلاڑی لاہور پہنچ گئے
لاہور(آئی این پی) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے پلے آف میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے پاکستانی کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔کپتان سرفراز احمد کی سربراہی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل پاکستانی کرکٹرز پہلے رات گئے کراچی پہنچے، جس کے بعد وہ پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے صبح ساڑھے 9 بجے لاہور ائرپورٹ پر اترے۔ جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم براہ راست دبئی سے لاہور پہنچی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاکستان پہنچنے والے کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق، انور علی، حسان خان، محمد نواز، عمر امین، میر حمزہ، راحت علی اور رمیز راجہ جونئیر شامل ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم منجمنٹ کے اراکین بھی لاہور پہنچ گئے ہیں۔ ٹیم گلیڈی ایٹرز کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد (آج)پیر کو متوقع ہے۔ادھر پشاور زلمی کے پاکستانی کھلاڑی محمد حفیظ، کامران اکمل ، احسن علی ، حارث سہیل اور وہاب ریاض بھی لاہور پہنچ گئے ہیں۔ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پلے آف (کل) منگل کو کھیلاجائیگا۔ لاہور میں اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔پی ایس ایل 3 کے دو پلے آف میچز 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔