نواز رشریف سب سے بڑے چابی والے کھلونے، عمران منافق، زرداری کچھ اور سبق بھی پڑھائیں گے: بلاول
اسلام آباد/ کوٹلی ستیاں (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف جنرل ضیاء الحق کے اوپننگ بیٹسمین کی شکست پر آپ کا دل ٹوٹنا ہی تھا ، وہ جو کہتے تھے روک سکو تو روک لو، تو ہم نے روک لیا ، اب یہ کہہ رہے ہیں کہ یہ چابی والے کھلونے ہیں، نواز شریف سے زیادہ کس کو چابی والے کھلونے کا پتہ ہے، آج بھی میاں صاحب سے بڑا چابی والا کھلونا نظر نہیںا ٓتا، آج مسئلہ یہ ہے کہ چابی ، کھلونے کے اندر ٹوٹ گئی ہے ، آج بھی اگر نئی چابی لگا دی جائے تو یہ کھلونا پھر گھومنا شروع ہوجائے گا ، میاں صاحب ان کو چابی والا کھلونا کہہ رہے ہیں جب آپ نے ان کو 500ووٹ پر ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی بنایا تو سب ٹھیک تھا۔ نواز شریف کے خیال میں جب وہ ہار جاتے ہیں تو جمہوریت بھی خطرہ میں ہوتی ہے اور ان کا دل بھی ٹوٹ جاتاہے، نوازشریف کو بلوچستان کی جیت ہضم نہیں ہورہی ، اسامہ بن لادن اور آئی ایس آئی سے فنڈ لیتے ہوئے میاں صاحب کو ووٹ کے تقدس کا خیال کیوں نہ آیا، اسٹیل مل کی سرزمین سندھ حکومت کی سرزمین ہے ،ا سٹیل مل کی سرزمین بیچنے کی اجازت نہ دیں گے ، لاہور میٹرو بس کی لاگت بھارت کے مریخ مشن سے بھی زیادہ ہے ، نااہل جہانگیر ترین اب بھی پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل ہیں، عمران خان نے اچھے طالبان اور برے طالبان کا فرق بتایا، مشال خان کو پولیس کی سرپرستی میں قتل کیا گیا۔ اتوار کو کوٹلی ستیاں میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب آپ فسادی ہوسکتے ہیں انقلابی نہیں ۔ نوازشریف آپ گندا کھیل کھیل کر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ، آپ کو ضیاء الحق کی چھتری تلے اور جونیجو حکومت کے خلاف سازش کرتے ہوئے ووٹ کا تقدس یاد نہیں کیوں نہ آیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کو روزگار سے دلچسپی ہے ، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اعلان کیا ہے کہ جو پی آئی اے خریدے گا تو اسے سٹیل مل مفت ملے گی، مشیر خزانہ یہ آپ کی دکان میں رکھا مال نہیں ، ہزاروں محنت کش ان اداروں میں کام کرتے ہیں، سٹیل مل کی زمین سندھ حکومت کی سرزمین ہے ، سٹیل مل کی زمین بیچنے کی اجازت نہ دیں گے ۔ ہم نہ صرف پارلیمان بلکہ سڑکوں پر احتجاج کریں گے ، ہم غریبوں کے چولہے نہ بجھنے دیں گے ، حالات جیسے بھی ہوں ماں کا زیور کوئی نہیں بیچتا۔ انہوں نے کہا کہ ایئربلیو نامی ایئرلائن وزیراعظم کی ملکیت ہے ، پی آئی اے کے روٹس بند ہورہے ہیں اور ایئر بلیو کے راستے کھلتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے ابھی صرف ایک سبق سکھایا ہے ، عمران خان کو آنے والے وقتوں میں ایک اور سبق سکھائیں گے وہ سیاست چھوڑ کر دوبارہ کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ کریں گے ، ہم پاکستان کو حقیقی سوشل ڈیموکریٹک بنائیں گے ، ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی کے فارمولے کے مطابق اصلاحات کریں گے ، جس میں دیہی ترقی ، تعلیم ، صحت شامل ہیں ، حکومت نوجوانوں کے لئے خود روزگار کرے گی بجائے اس کے کہ نوجوانوں کو روزگار ڈھونڈنا پڑے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران منافق ہیں‘ نااہل ترین کے بیٹے کو ٹکٹ دے کر ایک اور یوٹرن لیا۔علاوہ ازیں سیالکوٹ میں ہولوگرام خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے اگر پاکستان کے حالات انتہائی گھمبیر صورتحال میں پہنچ چکے ہیں، ہر طرف بے حسی کی صورتحال کی بنا پر عوام محرومیوں کا شکار ہیں۔ پیپلزپارٹی آج بھی اپنے منشور روٹی، کپڑا اور مکان پر قائم ہے انشاء اللہ 2018 کے عام انتخابات میں عوام کے ووٹوں سے پاکستان پیپلزپارٹی برسراقتدار آئے گی۔