نوشہرہ جلسہ: نواز، کپتال، زرداری ایک ہی سکے کے دو روخ، سینٹ میں گھوڑے نہیں اصطبل بکا: اسفندیار
پشاور/نوشہرہ (بیورورپورٹ +نوائے وقت رپورٹ) اے این پی کے صدر اسفند یار ولی نے نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست اور شرافت کپتان کے قریب سے نہیں گزری۔ کپتان کے سیاست میں آنے سے شرافت ختم ہو گئی۔ نیب کو خیبر پی کے کی کرپشن نظر نہیں آتی۔ خیبر پی کے حکومت کے اپنے ارکان وزیراعلیٰ کو کرپٹ کہتے ہیں۔ سب کو پتہ تھا کون بکا ہے۔ کس نے خریدا ہے۔ اس بار تو پورے کے پورے اصطبل فروخت ہو گئے۔ پہلے کہتے تھے گھوڑے بکتے ہیں۔ اس بار تو سینٹ الیکشن میں اصطبل ہی بک گئے۔ دعوے سے کہتا ہوں اے این پی سے بہتر کوئی حکومت نہیں بنا سکتا۔ اگر جنات اور فرشتے آ گئے تو مقابلہ ہمارے بس کی بات نہیں۔ کپتان، نواز اور زرداری ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ پرامن افغانستان کے بغیر پرامن پاکستان کا تصور نہیں۔ دعا ہے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بہتر ہوں۔ سیاست میں سیاہی اور جوتے پھینکے جا رہے ہیں۔ نیب وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف انکوائری کر رہی ہے۔ عمران خان نے خود کہا میرے ارکان خرید لیے۔ عمران خان نے 300 ڈیم بنانے کا وعدہ پورا نہیں کیا۔ پاکستان اور افغانستان کو بیٹھ کر غلط فہمیاں دور کرنی چاہئیں۔