کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے بھارتی ادارے نہتے شہریوں پر ظلم کرتے ہیں: غلام قادر
اولڈہم (نمائندہ خصوصی) مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر جب بھی زور پکڑتی ہے اور لوگ سڑکوں پر آکر مظاہرے شروع کرتے ہیں تو ان کی آواز دبانے کے لیے بھارتی سکیورٹی ادارے نہتے شہریوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وہاں پر رہائش پذیر لوگوں کو نشانہ بناتے ہوئے شدید زخمی اور شہید کر دیتی ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹائی جائے۔ یہ باتیں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے برطانیہ کی سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیت راجہ آفتاب شریف کی رہائش گاہ یوکے چینل 44 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حکومت کی کشمیر پالیسی واضح ہے جب میاں نواز شریف وزیراعظم کی حیثیت سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرنے کے لیے گئے تو انہوں نے پہلے حریت راہنماؤں اور ہم سے مشاورت کی اور کشمیر بارے جو مؤقف ہم نے لکھ کر دیا انہوں نے وہی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پیش کیا۔ وزیراعظم خاقان عباسی نے بھی ایسے ہی کیا ہے۔ بھارت سے کبھی بھی دوستی نہیں ہو سکتی کیونکہ پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریہ کی وجہ سے رکھی گئی تھی۔ ہاں البتہ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے باہمی تعلقات رکھے جا سکتے ہیں اس میں حرج نہیں۔ آزاد کشمیر میں جب سے مسلم لیگ ن کی حکومت بنی ہے ہم نے سب سے پہلے ریاست کے تمام اضلاع کو ملانے والی شاہراؤں پر کام شروع کر دیا ہے اسکے بعد دیگر سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔ محکمہ صحت میں بہتری لا کر ہسپتالوں کی حالت زار کو بہتر بنا رہے ہیں۔ حکومت کے آئیندہ ساڑھے تین سالوں میں ریاست میں تبدیلیاں نظر آئیں گی۔ وفاقی حکومت نے آزادکشمیر کے بجٹ میں سو فیصد اضافہ کیا ہے جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔ آزاد کشمیر میں حلقہ بندیوں اور دیگر پیچیدگیوں کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات التواء کا شکار ہیں لیکن جلد انہیں حل کر کے بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں گے۔ راجہ فاروق حیدر اور ہماری جماعت سنجیدہ ہے۔ کونسلر عتیق الرحمن،چوہدری محمد بشیر رٹوی، راجہ مقصود حسین کاکڑوی، راجہ صغیر، راجہ عاشق کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔