نواز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز کے جلسہ جھلکیاں
سانگلا ہل (آصف محمود نظامی) ٭نواز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز ہیلی کاپٹر پر سانگلاہل پہنچے۔ ٭ہیلی کاپٹر4بجے فضا میں نمودار ہوا تو عوام نے زبردست نعرے بازی کی، مریم نواز کی تقریر سننے کیلئے خواتین کی کثیر تعداد پنڈال میں پہنچی۔ ٭ نواز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز 5بجے پنڈال میں پہنچے، حاضرین نے کھڑے ہو کر استقبال کیا۔ ٭ پولیس نے جلسہ کی سکیورٹی کیلئے شہر کے اہم راستے بند کر دئیے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٭ جلسہ کا وقت 2بجے دوپہر کا تھا، پولیس نے راستے صبح 10 بجے ہی بند کر دیئے تھے۔ ٭ مریم نواز کو لیگی رہنما میاں اعجاز حسین بھٹی نے 35تولے کا سونے کا تاج پہنایا۔ ٭ کیپٹن صفدر نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگوائے۔ ٭ حمزہ شہباز نے وزیراعظم نواز شریف کے نعرے لگائے۔ ٭ جگہ جگہ پولیس کی رکاوٹوں کی وجہ سے کارکنوں کی کثیر تعداد پنڈال تک نہ پہنچ سکی۔ ٭ کیپٹن (ر) صفدر نے مائیک پر آکر رکاوٹوں کو ہٹانے کا کہا جس پررکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔ ٭ نوازشریف نے تقریر میں زرداری اور عمران کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ٭ انسپکٹر سجاد اکبر خان کی صحافیوں سے بدتمیزی پر صحافی ناراض ہوگئے۔ ٭ سکیورٹی فول پروف بنانے کیلئے بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، سکیورٹی کیلئے1700سے زائد پولیس ملازمین تعینات کئے گئے۔ ٭ ایک لاکھ افراد جمع ہونے کے انتظامات کئے گئے، وفاقی وزیر امور کشمیر ، گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر اور لیگی رہنما میاں اعجاز حسین بھٹی نے جلسہ کے انتظامات کی خود نگرانی کی۔ ٭ میاں نواز شریف، مریم نواز، برجیس طاہر، میاں اعجاز حسین بھٹی دیگر رہنماؤںکے بیٹھنے کیلئے 30 فٹ چوڑا 10 فٹ اونچا، 120 فٹ لمبا سٹیج تیار کیا گیا جس پر تقریباً 200افراد کے بیٹھنے کے گنجائش موجود تھی مگر سٹیج پر صرف 20نشستیں لگائی گئیں۔