خیبر پی کے پولیس کیلئے سرکاری ہیلی کاپٹر کی خریداری کا فیصلہ مؤخر
پشاور(آن لائن)خیبر پی کے پولیس کیلئے سرکاری ہیلی کاپٹر کی خریداری پر اعتراضات کر دیئے گئے جس کے بعد ہیلی کاپٹر کی خریداری کا فیصلہ موخر کیا جارہاہے۔ صوبائی حکومت کے دونوں ہیلی کاپٹروں کے بارے میں نیب کی جانب سے تحقیقات شروع کرنے کے بعد تیسرے ہیلی کاپٹر کی خریداری کی تجویزخیبر پی کے پولیس کی جانب سے دی گئی تھی جس میں موقف اختیارکیاگیا تھا کہ ایمرجنسی کی بنیاد پر خیبرپی کے پولیس کیلئے ہیلی کاپٹر خریدا جائے تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر 50 ملین روپے سے زائدکے اخراجات آ رہے ہیں جس پر بعض محکموں نے تحفظات کا اظہار کیاہے ان تحفظات کے بعد ہیلی کاپٹر کی خریداری کا فیصلہ عارضی طور پر موخر کیا جارہا ہے ۔ سرکاری ہیلی کاپٹر غلط استعمال کی تحقیقات بھی جاری ہیں ۔