ایم ایم اے کی قیادت کا فیصلہ کل اتحادی جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں ہوگا
لاہور (سید عدنان فاروق ) متحدہ مجلس عمل کی قیادت کا فیصلہ کل (منگل)کو کراچی میں جے یو آئی کی میزبانی میں اتحادی جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں ہوگا، ابتدائی طور پر مولانا فضل الرحمان کی صدارت، لیاقت بلوچ کی سیکرٹری جنرل شپ پر اتفاق رائے ہو چکا ہے، جبکہ باقی جماعتوں کے سربراہان نائب صدور ہونگے، چار ڈپٹی سیکرٹری جنرلز ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اور رابطہ سیکرٹری کے نئے عہدوں کی تجویز کے حوالے سے فیصلہ بھی سربراہی اجلاس میں ہو گا ۔ ایسی صورت میں جماعت اسلامی کے علاوہ تمام جماعتوں کے نمائندے ڈپٹی سیکرٹری جنرلز ہونگے جے یو پی کے اویس نورانی مرکزی سیکرٹری اطلاعات کا فیصلہ بھی سربراہی اجلاس میں ہو گا، نئے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات کی عہدہ کی منظوری کی صورت میں یہ عہدہ جے یو آئی کو ملنے کا امکا ن ہے، اگلے مرحلہ میں ایم ایم اے پلیٹ فارم سے اجتماعی عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا، تمام جماعتیں بیک وقت دیگر سیاسی پارٹیوں سے اپنے اتحاد ختم کردیں گی۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علما پاکستان کے صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی جماعتوںکے درمیان کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں۔ تمام جماعتوںکی برابر کی حیثیت ہے ۔ یہ اتحاد جماعت اسلامی یا جے یو آئی کا نہیں بلکہ پانچ جماعتی اتحاد ہے ، کراچی اجلاس میں ایم ایم اے کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل ہو جا ئے گا۔ حتمی فیصلہ اجلاس کے دوران تمام جماعتوں جمعیت علما پاکستان، جماعت اسلامی، جمعیت علما اسلا م( ف) ، اسلامی تحریک اورمرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہان کی رضا مندی سے ہو گا۔جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہاکہ کراچی اجلاس کے بعد ایم ایم اے مکمل طورپربحال اور فعال ہوگا۔ مرکزی عہدیداروں کے انتخاب کے بعد اتحاد میں شامل تمام جماعتیں آئندہ عام انتخابات ’’متحدہ مجلس عمل‘‘ کے پلیٹ فارم سے ایک نشان کے تحت لڑیں گی۔