قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر علی الصبح شدید بمباری کی
غزہ‘ رملا‘ جنین(اے این این‘ اے ایف پی)قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر ہفتے کی شام اور اتوار کو علی الصبح شدید بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے 13 مقامات جنوبی غزہ میں صلاح الدین روڈ پر نساریم چوک، مشرقی الزیتون کالونی میں تیونس، اور مشرقی غزہ میں زرعی اراضی پر بمباری کی۔ اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے غزہ میں نچلی پروازوں کا سلسلہ بھی بڑھا دیا جس کے باعث مقامی شہری سخت خوف کا شکار ہیں۔ غزہ کی پٹی کے شمال سے جنوب کی طرف اسرائیلی جنگی طیاروں کو اڑانیں بھرتے دیکھا گیا ہے۔ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی طیاروں کی بم باری کے دوران توپ خانے سے جوابی کارروائی کی گئی۔قبل ازیں وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ہفتے کی شام اسرائیلی بمباری سے متعدد شہری زخمی ہوگئے تھے تاہم تازہ بمباری کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ادھر اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین شہر کے نواحی علاقے برطعہ کا محاصرہ کرنے کے بعد گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے برطعہ کے مقام پر دھاوے اس لیے بولے جا رہے ہیں کہ دو روز قبل اس علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی نوجوان علا یوسف قبہا نے اپنی کار کی ٹکر سے دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور دو کو زخمی کردیا تھا۔ ایک سو سے زائد اسرائیلی فوجیوں نے برطعہ قصبے کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا۔ اسرائیلی فوج نے قصبے کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردیے اور قصبے میں جانے آنے والے شہریوں کی جامہ تلاشی لی گئی۔عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے اسیر علا کے والد، بھائیوں اوردیگر اقارب کے گھروں کی تلاشی لی جبکہ اس کے بھائی عصام کو حراست میں لیے لیا گیا ہے۔تلاشی کے دوران اسرائیلی فوج نے ایک سرکردہ فلسطینی شخسیت الحاج کمال عبد حسین قبھا، فضیل قبھا، منیر ناصر اور اس کے بھائی محمد اور نافع قبھا کے گھروں کے گھروں میں تلاشی کی آڑ میں لوٹ مار کی گئی۔دریں اثناءاسرائیلی حکام کی جانب سے نام نہاد سیکیورٹی وجوہات کی آڑ میں فلسطینی شہریوں کے بیرون ملک سفر عاید ناروا پابندیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ گذشتہ ہفتے کے دوران صہیونی حکام نے24فلسطینیوں کو بیرون ملک سفر سے روک دیا۔ تمام فلسطینیوں کو غرب اردن کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ الکرامہ پر روکا گیا۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی پولیس کا کہنا ہے کہ کاغذات اور سفری دستاویزات مکمل ہونے کے باوجود اسرائیلی حکام نے الکرامہ گذرگاہ سے اردن داخل ہونے والے متعدد فلسطینیوں کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔ ان میں سے بعض شہریوں کو یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ انہیں سفر سے کیوں روکا گیا ہے۔
اسرائیلی بمباری