نئی حلقہ بندیوں پر تحفظات‘ الیکشن کمشن سے رجوع کر لیا: پی ٹی آئی
لاہور( خصوصی نامہ نگار)تحر یک انصاف کور کمیٹی کے وسینیٹر چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ''نوٹوں ''کیلئے سیاست کرنیوالے ''ووٹوں ''کی تقد س کی بات کررہے ہیں مگر قوم انکے کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات ہیں حکومت نے من مرضی کے حلقے بنا کر تحریک انصاف کے امیدواروں کے خلاف سازش کی ہے لیکن حکومت کا یکطرفہ کھیل روکنے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرکے اپنے تحفظات کا اظہار کریں گے اور جہاں ضروری ہوا وہاں حلقہ بندیوں میں مناسب تبدیلیاں بھی کروائیں گے ۔ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ عوام پر 500 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کے ظالمانہ فیصلہ پر عملدرآمد نہیں ہونے دیں گے۔ فرخ جاوید مون نے کہا کہ بڑھتے ہوئے غیرملکی قرضے‘ زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی اور آئی ایم ایف کی رپورٹ نے اشتہاروں میں ترقی کرنے والی حکومت کی جعلی ترقی کا پول کھول دیا ہے۔ شریف برادران اور ان کے درباری وزراء ملک میں کرپشن ثواب کا کام سمجھ کر کر رہے ہیں۔ ان کی لوٹ مار کی وجہ سے پاکستان قرضوں کی دلدل میں بری طرح پھنس چکاہے۔