پیپلز پارٹی ایجنڈے کے تحت سینیٹ نظام کو چلایا جائےگا‘ سلیم مانڈوی والا
لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) نومنتخب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پانچ سال سے سینیٹ کا حصہ رہا ہوں اس کی بالادستی کا مکمل احساس ہے‘ پیپلز پارٹی کے ایجنڈے کے تحت سینیٹ کے نظام کو چلایا جائے گا۔ گڑھی خدابخش بھٹو میں شہید ذوالفقار علی بھٹو‘ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور دیگر شہدا کے مزارات پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ بھٹو خاندان کی جدوجہد‘ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی بصیرت کے باعث سینیٹ کے انتخابات میں پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی اور اب سینیٹ میں دیگر معاملات کے ساتھ چھوٹے صوبوں کے حقوق کی آواز اٹھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے شیری رحمن کی جانب سے لکھا گیا خط پراسز کا حصہ ہے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف اپوزیشن لیڈر کی امیدوار جماعتیں ہیں پہلے مرحلے میں آزاد سینیٹرز کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ کس جماعت میں شامل ہوتے ہیں اس کے بعد جس جماعت کو سینیٹ میں اکثریت حاصل ہوگی اس جماعت کا ہی اپوزیشن لیڈر منتخب ہو جائے گا۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی کامیابی کے اثرات آئندہ عام انتخابات پر بھی پڑیں گے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنائے گی اور بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری پارٹی جھنڈے تلے عوامی خدمت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سینیٹر عاجز دھامراہ‘ مرتضیٰ وہاب‘ راشد ربانی و دیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں گڑھی خدابخش بھٹو پہنچنے پر پیپلز پارٹی رہنماو¿ں و کارکنان نے ان کا زبردست پرتپاک استقبال کیا۔
سلیم مانڈوی والا