چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین کے الیکشن ری ڈیزائن تھے سید منور رضا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن ری ڈیزائن تھے نادیدہ قوتوں نے پہلے بلوچستان میں نواز لیگ کی حکومت کے خلاف بغاوت کے ذریعے حکومت کا خاتمہ کیا گیا پھر سینیٹ کے الیکشن میں ہماری اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے بلوچستان سے 6 آزاد سینیٹرز منتخب کرائے گئے‘ بعد میں چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین کے انتخابات میں مبینہ طورپر جو خرید و فروخت کا بازارگرم کیا گیا وہ دنیا کے سامنے ہے۔ سینیٹ میں نواز لیگ کی اکثریت کے باوجود اپوزیشن نے جو کھیل کھیل کر اپنے حمایت یافتہ امیدواروں کوکامیاب کرایا وہ پارلیمنٹ کی رسوائی کا سبب بنا جس سے دنیا میں ملک کی بدنامی ہوئی اورثابت ہوگیا فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید منور رضا نے کہا کہ مسلم لیگ کو کھڈے لائن لگانے کی سازشیں کرنے والے اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوںگے۔ انہوں نے کہاکہ مخالفین کے تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود نوازشریف کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کرمخالفین کی نیندیں اڑا دے گی۔