32 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے چین کیساتھ تعلقات مزید مستحکم ہونگے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہائیڈل اور تھرمل کے علاوہ کوئلے اور سولر سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ قومی اور صوبائی سطح پر بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے لئے جامع پالیسی تشکیل دی گئی ہے جس میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے ممکنہ مراعات، سہولیات اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے لئے لائحہ عمل وضع کیا گیا ہے۔ انرجی سمیت تعمیر و ترقی کے مختلف شعبوں میں ترک سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں اور آنے والے دنوں میں ترکی اور پاکستان کے مابین سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ وہ گزشتہ روز ترکی کی توانائی کی سیول انرجی کمپنی کے تین رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے اسلام آباد میں مسٹر کارگی سیانکا کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے ترک کمپنی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہائیڈل اور تھرمل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے موجود ہیں لیکن گذشتہ سالوں کے دوران بجلی کا بحران پیدا ہونے کے بعد موجودہ حکومت نے برسراقتدار آتے ہی کوئلے، سولر اور دیگر متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کا آغاز کیا۔ اس وقت بہاولپورمیں قائداعظم سولر پارک کے منصوبے پر کام جاری ہے اسی طرح بڑے شہروں میں سٹریٹ لائٹس کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کے لئے بھی جامع پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔ ترکی اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات اور اقتصادی تعاون موجود ہے اور سولر انرجی سمیت سماجی ترقی کے شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ سولر انرجی کے فروغ کیلئے سرمایہ کاروں کے لئے پنجاب میں بڑی گنجائش موجود ہے۔ سیول انرجی کمپنی کے وفد کے سربراہ مسٹر کارگی سیانکا نے اس موقع پر وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے سولر انرجی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لئے اپنی کمپنی کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہاہے کہ چین کے تعاون سے پاکستان میں سرمایہ کاری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ عوامی جمہوریہ چین کی طرف سے پاکستان کی تاریخ میں 32 ارب ڈالر کی بڑی سرمایہ کاری سے ملک میں معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، دونوں ممالک کے تجارتی اوراقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ حکومت ملک کو درپیش توانائی کا بحران تیز رفتاری سے حل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں اور تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات چینی کمپنی چا ئنہ گریثوباگروپ کمپنی کے نمائندوںکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے منگل کے روز ان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ شہباز شریف نے چین کی کمپنی کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان دوستی کے مضبوط بندھن میں بندھے ہیں۔ پاک چین دوستی لازوال ہے اورپاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں چین کا تعاون لائق تحسین ہے۔ چین مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کی حکومت اورعوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور دونوں ممالک کے عوام مابین باہمی احترام کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔ پاکستان کو درپیش توانائی کے سنگین بحران سے زراعت، صحت، تعلیم اورسماجی ترقی کے تمام شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک کو توانائی کے بحران سے جلداز جلد نجات دلانے کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔ چین نے کوئلے کی بنیاد پر پاکستان میں 20ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگانے کی پیشکش کی ہے اوراس پیش کش پرپوری طرح عملدرآمد کے نتیجے میں ملک وقوم کو اندھیروں سے نکالنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پانی اور بجلی کے وسائل کو ترقی دینے کے لیے عوامی جمہوریہ چین کے کئی اداروں سے بات چیت جاری ہے اور بعض منصوبوں پر کام بھی شروع ہو چکا ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے توانائی کی قومی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ چین کے تعاون سے نندی پور منصوبہ تکمیل کے قریب ہے جبکہ بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جارہاہے کہ جن سرمایہ کاروں کے معاہدے طے پا رہے ہیں ان منصوبوں پرکام جلداز جلد شروع ہو سکے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ڈی آئی جی چودھری عظیم ارشد کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔