شہبازشریف کی ہدایت پر خصوصی ٹیمیں چولستان پہنچ گئیں، نقل مکانی کی صورتحال درپیش نہیں: رانا ثنا
لاہور (خصوصی رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت کی خصوصی ٹیمیں صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے گذشتہ روز چولستان پہنچ گئیں۔ صوبائی وزراء تنویر اسلم ملک، اقبال چنڑ، مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان اور بہاولپور کے انتظامی افسران نے گذشتہ روز چولستان کا دورہ کیا اور موقع پر جاکر صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے چولستان کے خراب واٹر سپلائی کے پائپس تبدیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فوری طور پر فنڈز بھی جاری کر دئیے ہیں۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر بلدیات وقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ چولستان میں ایسی کوئی صورتحال درپیش نہیں کہ جس میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوں۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چولستان کے مکین چکوک میں رہتے ہیں، فصلیں کاشت کرتے ہیں اور انہیں پانی بھی میسر ہے، مارچ اپریل میں چولستان کے مکین گندم کی کٹائی سے قبل صحرا سے واپسی کرتے ہیں۔ ان کی صحرا سے اپنے چکوک واپسی کو ایک میڈیا رپورٹ میں نقل مکانی سے تشبیہ دیا گیا ہے جو کہ قطعی طور پر غلط فہمی پر مبنی ہے۔ چولستان کے عمومی حالات حکومت کی نظر اور کنٹرول میں ہیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب اورسیکرٹری صحت ودیگر پر مبنی ٹیم چولستان روانہ کر دی گئی ہے جو 24 گھنٹوں میں حقائق پر مبنی رپورٹ وزیراعلیٰ کو بھجوائے گی۔ اس رپورٹ کی روشنی میں مزید ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔