خیبر پی کے اسمبلی میں متعدد بلوں کی فوری منظوری، اپوزیشن کا احتجاج اعتراض ہوتا تو ترامیم لاتے: شاہ فرمان
پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے متعدد بلوںکی فوری منظوری پر ایوان میں ہنگامہ کھڑا کر دیا اور حکومت سے مطالبہ کیاکہ بلوںکی منظوری میں جلد بازی سے کام نہیں لینا چاہیے جبکہ صوبائی حکومت نے موقف اپنایا ہے کہ اگر اپوزیشن کو کسی بل پر اعتراض ہوتا تو وہ ان پر ترامیم لے آتے جب ترامیم نہیں لاتی تو اپوزیشن شور شرابا کیوں کر رہی ہیں اسمبلی اجلاس سپیکر اسد قیصرکے زیر صدارت شروع ہوا تو سپیکر نے توجہ دلائو نوٹس کے بعد متعلقہ وزراء کو متعدد بلوں کو ایوان میں پیش کرنے سمیت ان کی منظوری کا کہا تو اس دوران عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہاکہ آخر حکومت کو ان بلوں کی منظوری پر جلدی کیا پڑی ہے۔ سکندر شیرپائو نے کہا کہ حکومت تحمل سے کام لے جبکہ حسین بابک نے کہا کہ بل شق وار منظور کرانے چاہئیں جبکہ شاہ فرمان نے کہا کہ اپوزیشن کو اعتراض ہوتا تو وہ ترامیم لاتے۔