50 فیصد ارکان پارلیمنٹ آرٹیکل 63، 62 پر پورا نہیں اترتے: عبدالغفور حیدری
اٹک خورد (آن لائن) وزیر مملکت و مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے اسلام مولاناسینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے 50فیصد ممبران آئین کی دفعہ 62اور63پر پورا نہیں اترتے ، اس دفعہ کی خلاف ورزی کرنے والے گورنر ،وزراء اعلیٰ اور اہم عہدوں پر رہے ہیں،جمشید دستی کا ممبران پارلیمنٹ کی رنگینیوں کے بارے انکشاف صحرا میں اذان دینے کے مترادف ہے ، انہوں نے پارلیمنٹ لاجز کی بات اپنی سادگی میں کہہ دی پورا ملک اس کی لپیٹ میں ہے شاید ہی کوئی شہر یا گائوں اسکی زد سے محفوظ ہے ، آج اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں مدارس اور مساجد کو زیادہ خطرہ ہے،41 سال سے آئین کے نفاذ کے بعد شریعت نافذ نہ کرنے والے حکمران شریعت کی خاطر بندوق اٹھانے والوں سے کچھ کم مجرم نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد عثمان غنی کامران کلاں میں تحفظ مدارس کانفرنس اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے با ت چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان آرڈیننس بنیادی انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزی ہے جے یو آئی سمیت دیگر مذہبی جماعتیں اس غیر آئینی اور آمرانہ قانون کے خلاف کھڑی ہوگئی ہیں جب کہ جمہوریت کا راگ الاپنے والی سیکولر جماعتیں اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اس کے نفاذ کے لئے کوشاں ہیں، جے یو آئی ہمیشہ سے مذاکرات کے حق میں رہی ہے تاہم حکومتی سطح پر ابھی طالبان کے ساتھ مذاکرات کی صورتحال غیر سنجیدہ دکھائی دیتی ہے ، بغیر مشاورت کے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم طالبان کی شریعت نہیں مانتے تاہم حکمران شریعت نافذ کر دیتے تو طالبان بندوق کی طرف نہ آ تے۔