منشیات سمگلنگ میں گرفتار پاکستانی نژاد برطانوی خاتون کو عمرقید، 3 لاکھ روپے جرمانہ
راولپنڈی (آن لائن) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج اختر بہادر نے منشیات سمگلنگ میں گرفتار پاکستانی نژاد برطانوی خاتون کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور تین لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا ہے برطانوی خاتون خدیجہ شاہ کو 63 کلو 500 گرام ہیروئن سمگل کرنے پر بے نظیر انٹرنیشنل ائرپورٹ اسلام آباد سے اسوقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ 06 مئی 2012 کی صبح آٹھ بجکر 45 منٹ پر برطانیہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے۔ 791 کے ذریعہ سفر کے لئے ائرپورٹ پہنچی تھی جہاں اینٹی نارکوٹکس فورس کے چیکنگ کائونٹر پر اے این ایف کے عملہ نے خدیجہ شاہ کے تین سوٹ کیسوں میں موجود منشیات برآمد کی یہ منشیات لیڈیز ملبوسات میں مہارت کے ساتھ چھپائی گئی تھی۔ تفتیشی افسر انسپکٹر امتیاز شاہ کے مطابق اس وقت اس کے ہمراہ اسکی چار سالہ بیٹی علیشاہ منیر اور پانچ سالہ بیٹا ابراہیم منیر بھی موجود تھے جنہیں اس کے رشتہ داروں کے حوالہ کر دیا گرفتاری کے وقت خدیجہ حاملہ تھی جس نے سنٹرل جیل اڈیالہ میں ایک خوبصورت بیٹی کو جنم دیا تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ خدیجہ شاہ اس سے قبل بھی دو مرتبہ پاکستان سے منشیات سمگل کر چکی تھی خدیجہ شاہ اپنے خاوند منیر کے دوست گوجر خان کے عمران کے اسلام آباد میں واقع گیسٹ ہائوس میں چار ماہ تک اس کے ساتھ رہی 07 مئی کو عمران لاہور سے بیرون ملک فرار ہو گیا جسے اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔