وزیراعظم کا قیمتی مور جنگلی بلا کھا گیا، غفلت برتنے پر 21 اہلکاروں کو نوٹس، کسی کو معطل نہیں کیا: ترجمان
لاہور ( نامہ نگار) وزیراعظم کی رہائش گاہ جاتی عمرہ میں جنگلی بلا لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی مور کھا گیا۔ فرائض میں غفلت برتنے پر 21 اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے گئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی نجی رہائش گاہ جاتی عمرہ رائیونڈ میں لاکھوں روپے مالیت کا ایک قیمتی مور جنگلی بلا کھا گیا۔ پولیس افسروں کی جانب سے سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو احکامات جاری کئے گئے کہ وہ فوری طور پر جنگلی بلے کو تلاش کریں مگر پولیس اہلکار ناکام رہے جس پر افسروں نے سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے۔ مزید برآں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آفس نے رائے ونڈ میں سکیورٹی عملے کی معطلی سے متعلق اطلاعات کی تردید کر دی اور کہا کہ عملے کی معطلی کی خبریں درست نہیں۔