پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کرینگے: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی تمام جیلوں میں قیدیوں کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کئے جائیں گے۔ اسیروں کو جیلوں میں سپورٹس کمپلیکس سمیت تمام بنیادی اور تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی، قیدیوں کے ساتھ جیل وارڈنز کے رویے میں بہتری لانے کے لئے جیل وارڈنز کی ٹریننگ اور مانیٹرنگ کا انتظام کیا جا رہا ہے، جیلوں کو اذیت خانوں کی بجائے اصلاحی مراکز بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، اللہ کو راضی کرنے کا بہترین طریقہ اللہ کی مخلوق کو راضی کرنا ہے۔ وہ گزشتہ روز سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں 84 غریب اور نادار قیدیوں کی حکومت پنجاب کی طرف سے جرمانوں اور دیت کی ادائیگی کے بعد رہائی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مسیحی قیدیوں کو ایسٹر کے تحائف پیش کئے اور اسیران کی سہولت کیلئے قائم کئے جانے والے پی سی او اور ہسپتال میں نئے قائم کئے ایکسرے یونٹ کا بھی افتتاح کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ خود بھی 6 ماہ قید کاٹ چکے ہیں اس لئے قیدیوں کے مسائل سے پوری طرح آگاہ اور ان مسائل کے حل کے سلسلے میں پختہ عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے جیل خانوں میں قیدیوں سے ملاقات کیلئے آنے والے ان کے اہل خانہ کیلئے شیڈز بنوا دیئے گئے ہیں، قیدیوں کے علاج پر مامور ڈاکٹرز کو جیل خانوں میں ہی رہائش گاہیں فراہم کر دی گئی ہیں\ قیدیوں کی روزانہ خوراک کی رقم 50 روپے روزانہ میں 30 روپے کے اضافے سمیت اسیران کی فلاح و بہبود کے درجنوں منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور بیسیوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے رہائی پانے والے قیدیوں پر زور دیا کہ وہ واپس گھروں میں جا کر اپنے والدین کی خدمت کریں۔ اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ امن کے قیام کے لئے طالبان سے مذاکرات سمیت ہر آپشن کھلا ہے۔ امن کے لئے جس حد تک بھی جانا پڑا جائیں گے۔ کوئی پارٹی یہ کام اکیلے نہیں کر سکتی اسی لئے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے عمران خان سے ملاقات کر کے انہیں بھی اعتماد میں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے اور وہ لوگ جو دعویٰ کرتے تھے کہ ڈالر نیچے آیا تو استعفی دے دیں گے اب منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔