چیف سیکرٹری کی کلاس فور کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کے مسئلہ کے حل کیلئے محکمہ خزانہ کو ہدایت
لاہور (سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری ناصر محمود کھوسہ نے کلاس فور کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کر دیں۔ سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن گریڈ ایک تا سولہ کے وفد نے چیف سیکرٹری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی وفد میں ملک اعجاز، عظیم احمد باری، سلیم خان، لیاقت علی بھٹی، منظور سہوترا، ڈاکٹر نسیم الغنی و دیگر شامل تھے وفد نے چیف سیکرٹری کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے درجہ چہارم کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے اور ملازمین کو ہر دس سال بعد اگلے گریڈ میں ترقی کا حق دیا گیا ہے لیکن پنجاب میں محکمہ خزانہ نے کلاس فور کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا جس پر چیف سیکرٹری نے سیکرٹری خزانہ کو کلاس فور کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کا مسئلہ حل کرنے کیلئے ہدایات جاری کیں انہوں نے ایسوسی ایشن کے وفد کو یقین دلایا کہ ملازمین کے جائز مسائل حل کئے جائیں گے۔