امریکی صحافیوں کے وفد کا مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹریٹ کا دورہ
لاہور(خصوصی رپورٹر)پلڈاٹ کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے سینئر امریکی صحافیوں کے ایک وفد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماﺅں سینیٹر پرویز رشید، سابق ایم این اے احسن اقبال، ڈاکٹر آصف کرمانی، مسز انوشہ رحمان اور سابق سفیر طارق فاطمی سے ملاقات کی۔ اس موقعہ پر وفد سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے اقتدار کے پہلے دو ادوار میں نمایاں معاشی اصلاحات متعارف کروائیں اور ایک آزاد معیشت کی بنیاد رکھتے ہوئے اسٹیٹ بنک کو حکومتی کنٹرول سے آزاد کیا۔ جس کے نتیجے میںٹیکس محصولات کی شرح جی ڈی بی کی شرح کے 15فیصد پہنچ گئی تھی جو بدقسمتی سے گزشتہ پانچ سال میں 9 فیصد سے بھی گر چکی ہے ۔ مسٹر احسن اقبال نے امریکی صحافیوں کے وفد کو باور کرایا کہ نائن الیون کے بعد امریکی پالیسیوں کی وجہ سے ایک آمر کی حمایت کرنے پر امریکہ کے خلاف پاکستان میں نفرت انگیز ماحول بن گیا ۔