پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے دو روز قبل اِس دُنیا سے رخصت ہونے والے نامور ٹی وی کیمپیئر طارق عزیز کی یادگار تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔حال ہی میں فہد مصطفیٰ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پاکستان کے تین لیجنڈز کی جوانی کی ایک یادگار تصویر پوسٹ کی۔فہد مصطفیٰ کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصویر میں معروف ٹی وی کیمپیئر طارق عزیز، گلوکار تحسین جاوید اور پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار، گلوکار و پرڈیوسر ندیم بیگ موجود ہیں۔تصویر میں طارق عزیز، ندیم بیگ اور تحسین جاوید نے ٹیسٹ کرکٹ کی کٹ پہنی ہوئی ہے۔انسٹاگرام صارفین پاکستانی لیجنڈز کی یادگار تصویر کو دیکھ کر بےحد خوش ہو رہے ہیں اور طارق عزیز کی مغفرت کے لیے دعائیہ پیغامات بھی جاری کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ریڈیو پاکستان، ٹیلی ویژن، فلم، صحافت، ادب اور سیاست کا ایک نمایاں نام طارق عزیز دو روز قبل 84 سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے دارِ فانی سے کوچ کرگئے۔طارق عزیز ادیب، شاعر تھے جبکہ وہ سابق رکن قومی اسمبلی بھی ہے ہیں، وہ پی ٹی وی کے مقبول پروگرام نیلام گھر کے میزبان تھے۔طارق عزیز نے ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہیں پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے اینکر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔