وزیراعظم نے بنگالی ادیب کا قول خلیل جبران کے نام سے ٹویٹ کر دیا

وزیر اعظم عمران خان نے بنگالی نوبل انعام یافتہ ادیب رابندر ناتھ ٹیگور کا قول خلیل جبران کے نام سے ٹوئٹ کردیا۔
ساتھ لکھا کہ خلیل جبران کے ان الفاظ کی دانائی کو سمجھنے والے پُرسکون زندگی گزارنے میں کامیاب رہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر ایک مشہور قول پوسٹ کرکے یہ بتایا تھا کہ ایک مطمئن زندگی کیسے گزاری جاتی ہے۔
دراصل وزیراعظم نے رابندر ناتھ ٹیگور کا ایک قول پوسٹ کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ میں جو سوتا ہوں اور جو خواب دیکھتا ہوں یہ سب کچھ زندگی کی خوشیاں اور شادمانی ہے، اور جب میں جاگتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ زندگی دراصل خدمت کا نام ہے۔اور جب میں خدمت کرتا ہوں تو میں دیکھتا ہوں کہ زندگی کی اصل خوشی خدمت ہے۔
تاہم وزیراعظم نے غلطی سے اسے لبنان سے تعلق رکھنے والے ادیب و شاعر خلیل جبران کا قول قرار دیا اور اسے اپنے فالوورز سے اس عنوان سے شیئر کیا، ’’جوجبران کے الفاظ کو دریافت کرے اور اسے سمجھے تو وہی اطمینان کی زندگی گزار سکتا ہے‘‘
Those who discover and get to understand the wisdom of Gibran's words, cited below, get to live a life of contentment. pic.twitter.com/BdmIdqGxeL
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 19, 2019
تاہم دوسری جانب ادبی و سیاسی حلقوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی اس ٹویٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کیوں کہ عمران خان نے بنگالی نوبیل یافتہ ادیب رابندر ناتھ ٹیگور کا قول خلیل جبران کے نام سے ٹویٹ کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب نقل کے لئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، عادی جھوٹے تو آپ ہیں ہی، دوسروں کے اقوال کسی اور نام سے جاری کرنے پر بھی شرمندہ نہیں ہوتے، دانشوروں کے اقوال نشر کرنے سے پہلے تصدیق تو کرلیا کریں۔