ملک کو آگے لے جانے کیلئے عمران خان کے سوا کوئی چوائس نہیں: پرویز الٰہی
لاہور (نیوز رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملک کو آگے لے جانے کیلئے عمران خان کے علاوہ کوئی چوائس نہیں، عثمان بزدار ہمارے وزیراعلیٰ ہیں وہ بڑے کم گو مگر صاف گو ہیں، ہماری اتحادی حکومت ہے، ہم ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں اور دیتے رہیں میاں برادران اللہ تعالیٰ کی پکڑ میں ہیں انہوں نے ملک دیوالیہ کر دیا، سستی روٹی سکیم، دانش سکول سسٹم اور صاف پانی سمیت ان کے تمام منصوبے فلاپ ہو چکے ہیںصحافی برادری نے ہر نازک موڑ پر ملک و قوم کی بھلائی کیلئے ہر طرح کی قربانیاں دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں ہوئی۔صوبائی وزیر قانون و بلدیات محمد بشارت راجہ، ارکانِ اسمبلی، پریس گیلری کمیٹی کے ممبران، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور افتخار طاہر نے بھی شرکت کی۔ پرویزالٰہی نے مزیدکہا کہ حمزہ شہباز کے تایا نے مرکز اور ابا نے جو صوبے میں کیا ہے ایسا تو کوئی دشمن بھی نہیں کرتا جبکہ ہمارے دور کے قائم کردہ ریسکیو 1122، کارڈیک ہسپتال اور دیگر تمام ادارے چل رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے سچ کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافی عوامی نمائندوں اور عوام کے درمیان موثر رابطہ میں بھر پور کردار ادا کرتے ہیں۔ بعد ازاں چودھری پرویزالٰہی نے پریس گیلری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔