کامسیٹس یونیورسٹی کے ساتوں کیمپسز میں فیکلٹی نے امتحانات کا بائیکاٹ کردیا
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ماتحت یونیورسٹی میں انتظامی بحران شدیدہوگیا۔کامسیٹس یونیورسٹی کے ساتوں کیمپسز میں فیکلٹی نے امتحانات کا بائیکاٹ کردیااور اسلام آباد مین کیمپس کے مرکزی گیٹ کو تالے لگا کر بند کردیا گیا۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد حسین چودھری نے سیکریٹری اور ایڈیشنل سیکریٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو کامسیٹس میں پیش آنے والے انتظامی بحران کو حل کرنے کی ہدایت کر دی۔ امتحانات کے بائیکاٹ کے باعث ساتوں کیمپز میں بائیکاٹ سے 40ہزار طلبہ کا مستقبل داو پر لگ گیا۔فیکلٹی ارکان کا موقف تھا کہ یونیورسٹی کو قیام سے اب تک ایڈہاک ازم کے تحت چلایا جارہا ہے۔ریکٹر، رجسٹرار، ڈین تمام عہدے عارضی تقرریوں سے چلائے جارہے ہیں۔انٹرم سیٹ اپ فیکلٹی کو ہراساں کرنے میں مصروف ہے۔فیکلٹی کی ترقیاں گزشتہ دس سال سے رکی ہوئی ہیں۔اکیڈمک سٹاف کا مطالبہ تھا کہ ہمیں جاب کنفرمیشن لیٹرز دیے جائیں اور یونیورسٹی کو ایکٹ کے تحت ریگولر سیٹ اپ سے چلایا جائے ۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نوٹس لیتے ہوئے اکیڈمک سٹاف ایسوسی کے نمائندوں کو بلا لیا۔