عمران وزراء کو پارلیمنٹ میں ہنگامہ کی ہدایت کریں تو سوال اٹھیں گے: مریم او رنگزیب
اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ پہ حملہ کرنے والا ہی پارلیمنٹ کی آواز سے ڈر سکتا ہے۔ عمران خان آپ وزرا کو پارلیمنٹ میں ہنگامہ کرنے کی ہدایت کریں گے تو سوال تو اٹھیں گے۔ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قصور آپ کا نہیں، نالائق، ووٹ چور، سیلکٹڈ وزراعظم پارلیمنٹ سے خوف ہی کھائے گا، عمران خان افسوس آپ وزرا کو انتشار اور دھرنے کے علاوہ کچھ نہ سکھا سکے، کابینہ اجلاس پارلیمنٹ میں انتشار اور اپوزیشن لیڈر کی بجٹ تقریر روکنے کی ہدایت دینے کے لئے بلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو میڈل دیئے جائیں گے، عمران خان کان کھول کے سن لیں عوام کے لیے زہر قاتل بجٹ پاس نہیں ہوسکتا، جان بوجھ کر سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت بجٹ پر بحث نہیں ہونے دے رہے، عمران خان نہیں چاہتے شہباز شریف آئی ایم ایف بجٹ کے اصل حقائق عوام کو بتائیں، جتنا مرضی ہنگامہ، شور اور غنڈا گردی کرائیں شہباز شریف کی تقریر ضرور ہوگی۔