ایوان کو چلنے نہ دیا گیا تو حکومت کو کوئی حادثہ پیش آ سکتا ہے،سرا ج الحق
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ بجٹ پر اپوزیشن کو بولنے نہ دینا اور دھونس جمانا ناقابل برداشت ہے ۔وزیر اعظم کا اپنا رویہ جمہوریت کش ہے ۔وزیر اعظم ایوان کو نہیں چلنے دیں گے تو حکومت کو کوئی حادثہ پیش آسکتا ہے ۔اگر فیصلے ایوانوں میں نہ ہوئے تو پھر چوکوں اور چوراہوں میں ہونگے ۔اپوزیشن کو بھی اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کا حق ہے ۔ ملکی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ خود حکومت ایوان کو چلنے نہیں دے رہی ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز سینیٹر سراج الحق نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے حسین اصغر کی سربراہی میں بنائے گئے انکوائری کمیشن میں گزشتہ دس سال کی بجائے پرویز مشرف کے دور کو بھی شامل کیا جائے ۔ وزیراعظم سمیت کسی کو بھی کمیشن کی تحقیقات میں مداخلت کی اجازت نہیں ہونی چاہیے ۔ وزیراعظم کی نگرانی کی بجائے یہ کمیشن مکمل طور پر آزاد ہوناچاہیے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت مہنگائی اور ٹیکسوں کے سونامی بجٹ کو واپس لیا جائے ۔حالات نے ثابت کردیا ہے کہ آئی ایم ایف کی مسلط کردہ ٹیم بھی ناکام ہوگئی ہے ۔ملکی معیشت کو درست کرنا اور ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنا حکومت اور اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہے ۔اگر کشتی ڈوب گئی تو حکومت بچے گی نہ اپوزیشن ۔حالات کو نہ سنبھالا گیا تو حکومت کسی حادثے کا شکار ہوسکتی ہے ۔