کراچی پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے :ڈاکٹر قبلہ ایاز
لاہور( خصوصی نامہ نگار)چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایازنے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان اور معاشی استحکام کیلئے کراچی میں مذہبی وسماجی ہم آہنگی کا قیام لازمی ہے۔پوری قوم ان مسائل کو گہرائی کے ساتھ سمجھ کر ہی ان مسائل سے نکل سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل اور انٹرنیشنل ریسرچ کونسل برائے مذہبی امورکے اشتراک سے تمام مسالک کے جیّد علماء کی تین روزہ مشاورتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے تمام مذاہب اور مسالک کے نمائندوں سمیت سینیٹر ز ، اراکین اسمبلی نے بھی شرکت کی ۔پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے جہاں پاکستان کے تقریبا تمام مذاہب ، قومیتوں اور علاقوں کے لوگ موجود ہیں ،کراچی پاکستان کا معاشی حب ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی فکری رہ نمائی کا بھی مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ سابق سیکرٹری دفاع جنرل (ر)نعیم لودھی نے پاکستان کے داخلی مسائل اور ان کے حل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اس وقت داخلی حوالے سے کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ جنرل (ر) سعد خٹک اور کراچی میں امن و امان کے مسائل سے متعلق کتاب کے مصنف ضیاء الرحمان نے کراچی میں سکیورٹی کے مسائل سے متعلق بات کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں لسانی سمیت تمام فسادات پر قابو پایا گیا۔ مگر مسلکی ہم آہنگی پر کام کی اب بھی ضرورت باقی ہے۔کانفرنس کے شرکا میں ڈاکٹر شازیہ صوبیہ اسلم ممبر قومی اسمبلی اور اقلیتی نمائندے سینیٹر کرشنا کماری نے کانفرنس کی جملہ سفارشات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی کیخلاف ایک ٹھوس لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔