لندن: جنونی شخص نے نمازیوں پر وین چڑھادی، 2 جاں بحق،10سے زائد زخمی

19 جون 2017 (12:53)
لندن: جنونی شخص نے نمازیوں پر وین چڑھادی، 2 جاں بحق،10سے زائد زخمی

برطانیہ کے دارلحکومت لندن میں مسلمانوں کے خلاف مذہبی منافرت کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے اور سیون سسٹر روڈ پر ڈرائیور نے فنزبری مسجد میں تراویح پڑھ کر باہر آنے والوں پر وین چڑھا دی جس کے نتیجے میں2 افراد جاں بحق اور 10سے زائد زخمی ہو گئے۔عینی شاہدین کے مطابق شمالی لندن کے فنز بری پارک کی سیون سسٹرز روڈ پر ڈرائیور نے تراویح پڑھ کر آنے والوںپر گاڑی چڑھا دی۔برطانوی میڈیا کا بتانا ہے کہ فنز بری پارک مسجد کے باہر پیش آئے واقعے میں 2افراد جاں بحق اور 10سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق وین میں تین افراد سوار تھے ۔میڈیا ذرائع کے مطابق پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا ہے۔واقعہ کے بعد پولیس نے فنز بری پارک اسٹیشن اور نواح کا علاقہ بھی سیل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق رات گئے واقعے کی اطلاع ملی ۔ واقعے کے بعد سیون سسٹر روڈ کو بند کر دیا گیا ہے ۔لندن ایمبولنس سروس نے حادثے کی جگہ پر بہت سی ایمبولینسز بھجوا دیں ۔ ادھر مسلم کونسل برطانیہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وین ڈرائیور نے جان بوجھ کر گاڑی لوگوں پر چڑھائی ۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ علاقہ خاصا مصروف تھا کیونکہ رمضان کے سبب لوگ یہاں شام کی نماز ادا کرنے آئے تھے۔سیون سسٹرز روڈ کے قریب ایک فلیٹ میں رہنے والی عینی شاہد کا کہنا تھا کہ نے واقعے کے بعد ہر کوئی چیخ رہا تھا۔ کہ وین نے لوگوں کو ٹکر مار دی ہے۔ لوگ مسجد سے نماز ادا کر کے نکل رہے تھے کہ وین نے انھیں ٹکر مار دی۔